سنگاریڈی /7 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آزاد امیدوار حلقہ پارلیمان میدک جناب محمد مشتاق احمد نے حلقہ اسمبلی نرسا پور کے مواضعات نلاولی، چنتہ کنٹہ، کوڑی پلی، انارم اور تنکی میں اپنے انتخابی مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام بالخصوص اقلیتوں کو کئی مسائل درپیش ہیں۔ اگر وہ بحیثیت رکن پارلیمان میدک منتخب ہوتے ہیں تو عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے سعی کریں گے۔ وہ عوام کی خدمت کے لئے اپنے آپ کو وقف کرچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس، کانگریس اور بی جے پی صرف عوام کو گمراہ کرتے ہوئے ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جب کہ حلقہ کے عوام باشعور ہیں، لہذا ان کے فریبی جال میں ہرگز پھنسنے والے نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی غیر سیکولر جماعت ہے اور ٹی آر ایس و کانگریس اقلیتوں کے ہمدرد ہونے کا جھوٹا دعویٰ کر رہی ہیں۔ کانگریس دور حکومت میں مسلمانوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے، جب کہ ٹی آر ایس برسر اقتدار آکر 100 دن مکمل کرچکی ہے، لیکن اقلیتوں کے لئے تاحال اس نے کچھ نہیں کیا۔ جناب محمد مشتاق احمد آزاد امیدوار حلقہ پارلیمان میدک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پھل کے ٹوکرے کے نشان کو ووٹ دے کر انھیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔