پارلیمانی حلقہ میدک سے وجئے شانتی کانگریس امیدوار

نووارد کو ٹکٹ دینے پر قدیم کارکنوں میں ناراضگی
میدک۔/2اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی میدک سے کانگریس پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے سیٹنگ ایم پی شریمتی ایم وجئے شانتی کے نام کے ہائی کمان کی جانب سے اعلان پر میدک اسمبلی حلقہ میں کانگریس کارکنوں میں ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ جوں ہی محترمہ وجئے شانتی کے نام کا اعلان ہوا سابق ایم ایل اے و انچارج میدک اسمبلی مسٹر پی ششی دھر ریڈی نے دہلی پہونچتے ہوئے اپنے ٹکٹ کیلئے پیروی کا آغاز کردیا۔ ادھر دفتر کانگریس میدک راجیو بھون میں میدک ٹاؤن کانگریس پارٹی کی جانب سے وجئے شانتی کے نام کی مخالفت اور ششی دھر ریڈی کو امیدوار بنانے کا ہائی کمان سے پرزور مطالبہ کیا گیا۔

صدر نشین مارکیٹنگ کمیٹی سینئر کانگریس قائد مسٹر ٹی چندراپال و سابق صدر نشین بلدیہ معمر قائد مسٹر بی وٹھل ریڈی نے کہا کہ ششی دھر ریڈی ہی حلقہ اسمبلی میدک کے موزوں امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی میدک پر ابتداء ہی سے ششی دھر ریڈی کے آنجہانی والد پی نارائن ریڈی کا غلبہ رہا لیکن درمیان میں یہ تلگودیشم حلقہ میں تبدیل ہوگیا تھا۔ مسٹر ششی دھر ریڈی نے اپنی محنتوں کے ذریعہ تلگودیشم کے قلعہ کو کانگریس کا قلعہ بنایا۔ صرف مسٹر ششی دھر ریڈی ہی میدک اسمبلی کے لئے موزوں کانگریس امیدوار ہیں۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ کسی باہر کے امیدوار کو اس حلقہ میں نہ اتارا جائے، ہمیں ہائی کمان کا یہ فیصلہ قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وجئے شانتی کو ایم پی امیدوار بنایا گیا تو ہمیں قبول ہے۔ اس موقع پر میر برکت علی احسان، جی انجینلو گوڑ، شنکر، کے سرینو کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

نارائن پیٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش
نارائن پیٹ۔/2اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ میں کل رات تیز ہواؤں کے جھکڑ چلے اور موسلا دھار بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں شہر کے محلہ پلہ بزرگ میں واقع مسجد رشیدیہ کی چھت اڑگئی۔ چھت کے ٹن ہواؤں کے زور سے اُڑکر دور جاگرے۔ کئی مقامات پر برقی تار گرپڑے اور کئی درخت جڑ سے اُکھڑ گئے۔ تیز آندھی اور بجلی کی گرج و چمک کے ساتھ رات دیر گئے تک بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ نارائن پیٹ میں گرمی کی شدت جو مارچ کے آخری ہفتہ میں ہی 43درجہ سنٹی گریڈ تک پہنچ گئی تھی سے عوام نے گرمی سے راحت کی سانس لی مگر دوسری طرف کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔