سنگاریڈی /28 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب محمد فاروق حسین ایم ایل سی کانگریس پارٹی نے یہاں پر اختاری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ حلقہ پارلیمنٹ میدک کے ضمنی انتخابات میں کانگریس پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کوشاں ہیں اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے علاوہ کل ہند کانگریس کمیٹی قائدین کو اپنی دعویداری سے متعلق واقف بھی کروا دیا اور ایم پی میدک کا ٹکٹ حاصل کرنے سنجیدہ کوششیں شروع کردی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ منعقدہ انتخابات میں کانگریس پارٹی نے لوک سبھا ٹکٹوں میں مسلمانوں کو خاطر خواہ نمائندگی نہیں دی ۔چنانچہ اس کا ازالہ ضمنی چناؤ میں مسلم قائد کو پارٹی ٹکٹ دیتے ہوئے کرنا چاہئے علاوہ ازیں حلقہ پارلیمنٹ میدک میں تقریباً 3 لاکھ مسلم ووٹرس ہیں ۔ اگر کانگریس پارٹی مسلم امیدوار کو ٹکٹ دیتی ہے تو اس کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ گذشتہ 40 سال سے کانگریس پارٹی سے وابستہ ہیں اور گذشتہ 40 سالوں میں کانگریس پارٹی نے کئی نشیب و فراز دیکھے ۔ کئی مرتبہ کانگریس اقتدار سے بے دخل ہوئی اور پارٹی برے دنوں سے گذری تاہم وہ چالیس سالوں سے کانگریس پارٹی میں وفادار اور پابند ڈسپلن ورکر کی حیثیت سے کام کیا ۔ کانگریس پارٹی کے تاریک دورمیں جب قائدین اپنی وفاداریاں تبدیل کرتے ہوئے دیگر سیاسی پارٹیوں میں شریک ہوکر اقتدار کے مزے لوٹ رہیتھے ۔ اس وقت بھی وہ کانگریس پارٹی کا پرچم لے کر عوام میں جاکر پارٹی کو مضبوط کرنے کا کام کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ 1974 میں بحیثیت صدر ایور گرین اسپورٹس کلب سدی پیٹ انہوں نے اپنی عوامی زندگی کا سفر شروع کیا ۔ 1976 میں جنرل سکریٹری سدی پیٹ ٹاون یوتھ کانگریس 1978 میں جنرل سکریٹری ضلع یوتھ کانگریس 1981 میں نائب صدر ضلع یوتھ کانگریس اور کونسلر سدی پیٹ بلدیہ منتخب 1986 رکن ضلع فوڈ اڈوائزری کمیٹی 1987 رکن عاملہ ریاستی یوتھ کانگریس 1992 چیرمین پردیش کانگریس کمیٹی اقلیتی سیل 1994 میں حلقہ اسمبلی دوماٹ سے بحیثیت کانگریس امیدوار مقابلہ 2001 رکن پردیش کانگریس کمیٹی کی تادیبی کمیٹی 2005 چیرمین ریاستی اقلیتی مالیاتی کارپوریشن 2011 گورنر کوٹہ میں ایم ایل سی نامزد کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی میں نا امپورٹیڈ قائدین اور نا ہی کسی کی سفارش پر اچانک نمودار ہونے والے قائدین بلکہ 40 سالوں سے بنیادی سطح پر پارٹی کی خدمت کرکے زینہ بہ زینہ ترقی حاصل کی اور آج بھی وہ قائد نہیں بلکہ خود کو کانگریس پارٹی ورکر سمجھ کر پارٹی کے استحکام کیلئے کام کرتے ہیں ۔ زمینی سطح پر پارٹی کارکنوں سے ہمیشہ مضبوط تعلق و رشتہ رکھا ہے ۔ 1979 میں مخالف اندرا گاندھی لہر اور جنتا پارٹی حکومت کی جانب سے ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ اور اندرا گاندھی کو گرفتار کرتے ہوئے جیل کو بھیج دینے پر انہوں نے اس موقع پر بھی کاگنریس کے حق میں ریالیاں منظم کیں اور مہم چلائی ۔ جنرل سکریٹری کل ہند کانگریس غلام نبی آزاد سے 35 سالہ تعلقات ہیں ۔ ان تمام قابلیت اور پارٹی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے حلقہ پارلیمنٹ میدک سے ضمنی چناؤ میں کانگریس پارٹی کی جانب سے انہیں ٹکٹ دیا جانا چاہئے ۔ دریں اثناء ضلع میدک کے مختلف مسلم تنظیموں اور کانگریس پارٹی مسلم قائدین کی جانب سے جناب محمد فاروق حسین کو ایم پی میدک کیلئے ٹکٹ دینے کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے ۔