پارلیمانی حلقوں کیلئے امیدواروں کی تلاش

کریم نگر۔/16جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی کے کریم نگر حلقہ پارلیمانی نشستوں پر آنے والے چناؤ میں عوام میں مقبول اور اثر و رسوخ رکھنے والے امیدواروں کی تلاش اور نامزدگی کے سلسلہ میں راہول گاندھی کے بھیجے جارہے قابل اعتماد مبصرین ضلع کو آرہے ہیں۔ 20اور 21جنوری کو کریم نگر، نظام آباد، پداپلی حلقہ پارلیمنٹ اور اسمبلی حلقوں کے حدود کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور ان نشستوں پر طاقتور و کامیاب ہونے کا یقین رکھنے والے امیدواروں کے ساتھ 13 اسمبلی حلقوں کے امیدواروں کی نشاندہی بھی کرلی جائے گی۔ ضلع میں 13 اسمبلی حلقوں میں سے 7اسمبلی حلقے کریم نگر حلقہ پارلیمنٹ کے حدود میں ہیں اس سے جگتیال اور کورٹلہ اسمبلی حلقے نظام آباد حلقہ پارلیمان میں شامل کردیئے گئے ہیں۔ دھرم پوری، رام گنڈم، پداپلی، منتھنی، اسمبلی حلقے پداپلی پارلیمانی نشست میں شامل ہیں۔ راہول کے سفیروںکی آمد پر پارلیمانی اور اسمبلی حلقوں کے چناؤ میں حصہ لینے والے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں حاصل کریں گے اور ان امیدواروں کے تعلق سے اپنے اپنے طریقہ کار کے تحت معلومات بھی حاصل کریں گے۔

اور حاصل کردہ درخواستوں میں سے ہر حلقہ کے تین امیدواروں کی درخواستوں کو راہول گاندھی کے علم میں لائے جانے کے لئے اے آئی سی سی کو بھیجے جائیں گے۔ اس سے اے آئی سی سی کی جانب سے کسی ایک نام کو قطعیت دے دی جائے گی۔ کریم نگر حلقہ پارلیمنٹ کے حلقہ اسمبلی نشستوں کے امیدواروں سے مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر ولاس راؤ دیشمکھ کے فرزند رکن اسمبلی امیت دیشمکھ ، پداپلی پارلیمنٹ حلقہ اور اس کے حدود میں شامل حلقہ اسمبلیوں کے خواہشمند امیدواروں سے مہاراشٹرا، چندرا پور ضلع کے متوطن ایم ایل اے وجئے نظام آباد حلقہ پارلیمنٹ اور اسمبلی حلقوں کی نشستوں کے خواہشمند امیدواروں سے جگتیال، کورٹلہ اسمبلی حلقوں کے چناؤ میدان میں اُترنے والے امیدواروں سے مہاراشٹرا کے رکن اسمبلی شیوامتی ٹھاکر درخواستیں حاصل کرلیں گے۔