گرمی کی شدت ، ووٹرس میں دلچسپی کا فقدان ، اور خاطر خواہ عدم تشہیر اہم اسباب
محبوب نگر ۔ 13 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : متحدہ ضلع محبوب نگر میں لوک سبھا انتخابات کے رائے دہی کے فیصد میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ 4 ماہ قبل منعقدہ اسمبلی انتخابات کے بالمقابل لوک سبھا انتخابات کی رائے دہی میں 15 فیصد کمی ہوئی ہے ۔ دسمبر 2018 میں اسمبلی انتخابات نے ووٹرس نے بڑے جوش سے رائے دہی میں حصہ لیا تھا اور 8052 فیصد رائے دہی ہونی تھی اور اب 65.39 ہی ہوسکی ۔ اسی طرح حلقہ ناگر کرنول میں بھی اسمبلی انتخابات میں بھی 75.67 رائے دہی درج کی گئی تھی اور اب 62.51 ہی درج ہوئی ۔ تقریبا 13 فیصد رائے دہی کم ہوئی ۔ 2014 میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں 71.11 فیصد محبوب نگر میں ریکارڈ کی گئی ۔ جب کہ ناگر کرنول میں 75 فیصد ریکارڈ ہوئی ۔ گذشتہ انتخابات میں ووٹرس نے جس جوش کا اظہار کیا تھا اب جوش کا فقدان دیکھا گیا ۔ اسمبلی تحلیل کرنے اور انتخابات کے انعقاد کے دوران 3 ماہ کا عرصہ امیدواروں کو ملا تھا چنانچہ گھر گھر مہم چلائی گئی تھی لیکن اب کی مرتبہ وقت کی کمی کی وجہ سے امیدوار اپنی تشہیر خاطر خواہ نہ کرسکے ۔ رائے دہی میں کمی کا ایک اور سبب شدت کی گرمی بھی ہے ۔ الیکشن کے دن 41.63 گرمی ریکارڈ کی گئی ۔ محبوب نگر مزدوروں کے نقل مقام کے لیے کافی مشہور ہے تقریبا 10 ہزار مزدوروں کو اسمبلی انتخابات میں یہاں لاکر ووٹ ڈلوانے میں اسمبلی انتخابات میں کامیابی ملی تھی ۔ لیکن اب اس کو دہرایا نہیں جاسکا ۔ حلقہ پارلیمان محبوب نگر میں ووٹرس جملہ 1505190 ہیں جس میں سے پولنگ میں 982890 رائے دہندوں نے حصہ لیا ۔ جن میں مرد 493435 اور خواتین رائے دہندے 489453 شامل ہیں ۔ اسی طرح ناگر کرنول حلقہ میں جملہ ووٹرس کی تعداد 1508781 ہے جن میں سے پولنگ 992226 ہوئی جن میں مرد 504741 اور خاتون 487462 ووٹرس شامل ہیں ۔۔