کریم نگر۔18اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حلقہ کریم نگر کے پارلیمانی امیدوار پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی صرف کانگریس سے ہی ممکن ہے۔ پونم پربھاکر نے جمعرات کی شام قلب شہر ٹاور سرکل میں تجارت پیشہ افراد ، دکانداروں اور بیوپاریوں سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو کامیاب بنانے او رصدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کے ہاتھ مضبوط کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی اور تعمیر نو میں سونیا گاندھی کی زیر قیادت کانگریس ہی اہم رول ادا کرسکتی ہے اور ریاست کی ترقی کیلئے ضروری درکار فنڈز کے لئے مرکز اور ریاست میں کانگریس کی حکومت ضروری ہے کیونکہ علاقائی پارٹیوں کی کامیابی سے ترقی نہیں ہوسکتی۔ کانگریس نے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے ہر ممکن کوشش کی ہے اور اس کی ترقی کیلئے بھی ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ضلع کی ترقی کیلئے انہوں نے ایم پی فنڈ کا مکمل استعمال کیا ہے اور دوبارہ کامیابی پر مزید ترقی کیلئے ان کی کوشش جاری رہے گی۔ اس انتخابی مہم کے دوران حلقہ اسمبلی کریم نگر کے امیدوار چیلمیڈہ لکشمی نرسمہا راؤ کے علاوہ تشہیری کمیٹی کنوینر محمد عبدالصمد نواب بھی موجود تھے۔