پارلیمانی اجلاس کے عدم التواء کی مذمت

سابق مرکزی وزیر ای احمد کو خراج عقیدت، مسلم لیگ کا تعزیتی اجلاس
محبوب نگر۔یکم فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نریندر مودی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت نے آج سینئر رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر جناب ای احمد کے احاطہ پارلیمنٹ میں سانحہ ارتحال کے باوجود بجٹ اجلاس کو ملتوی نہ کرتے ہوئے ہنوز جاری رکھتے ہوئے یہ صاف عیاں کردیا کہ سنگھ پریوار کے زیر ہدایت چلنے والی اس حکومت کو مسلمانوں کے جذبات کا کوئی پاس لحاظ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین محمد مظہر حسین، شہید صدر انڈین یونین مسلم لیگ محبوب نگر مرزا قدوس بیگ، محمد عبدالقادر، محمد سراج الدین، صادق حسین، محمد امان ( مسلم لیگ ) خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ، محمد محسن خان، تقی حسین تقی، حافظ ادریس سراجی( ٹی آر ایس) محمد عمران خان( کانگریس) م سبحانی پٹیل، محمد رفیع ( مسلم حقوق پوراٹا سمیتی ) نے مستقر محبوب نگر کے آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں منعقدہ ای احمد صاحب کے تعزیتی اجلاس سے کیا۔ ان قائدین نے جناب ای احمد کی دیرینہ ملی خدمات کو یاد کیا اور کہا کہ کیرالا اسمبلی میں اور بحیثیت وزیرکیرالا کی مختلف حکومتوں کے دوران ای احمد صاحب کی جانب سے کئے گئے تاریخی کارہائے نمایاں اور بحیثیت مرکزی وزیر اور رکن پارلیمنٹ قومی سطح پر مسلمانوں کے مسائل کے حل اور دیگر کارہائے نمایاں یاد رکھے جائیں گے۔ قائدین نے کہا کہ ای احمد صاحب کے سانحہ ارتحال سے قومی سطح پر جو خلاء پیدا ہوئی اس کو پُر کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔ اس اجلاس میں حکومت ہند کی جانب سے پارلیمانی اجلاس کے ملتوی نہ کئے جانے پر ایک مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔ بعد ازاں صدر جمہوریہ ہند کو روانہ کی جائے گی۔ آخر میں مرحوم کیلئے مغفرت کی دعا کی گئی۔