پارلیمانی اجلاس میں مفاد عامہ پر بحث کو ترجیح

سیاسی مفاد سے گریز، اپوزیشن جماعتوں سے وزیراعظم کی خواہش
نئی دہلی 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کو سیاسی مفادات کے بجائے عوامی مفادات کے لئے استعمال کریں۔ سیشن کے آغاز سے قبل اُنھوں نے پارلیمنٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے ہمیشہ ہی تمام مسائل پر بحث کی کوشش کی ہے۔ اُنھوں نے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین پر زور دیا کہ وہ بھی بحث میں حصہ لیں۔ مودی نے کہاکہ کھل کر تبادلہ خیال کرنا چاہئے۔ بحث کی جانی چاہئے اور تلخ بحث کی جانی چاہئے۔ لیکن کم سے کم ان میں سے ایک قسم کی بحث، مباحث یا تبادلہ خیال تو ہونا ہی چاہئے۔ آئندہ سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ وہ اُمید کرتے ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں جنھیں مئی میں انتخابی امتحان کا سامنا کرنا ہے۔ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے سیشن کو سیاسی مفاد کے لئے نہیں بلکہ عوامی مفاد کے لئے استعمال کریں۔ مودی نے اُمید ظاہر کی کہ یہ سیشن تعمیری ہوگا اور عوام کے کلیدی مسائل پر تمام ارکان بحث کریں گے۔ عام آدمی سے متعلق مسائل پر بحث کے لئے تمام ارکان زیادہ سے زیادہ وقت تک اجلاس میں بیٹھیں گے۔ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس جو منگل سے شروع ہوا ہے 8 جنوری کو ختم ہوگا۔