مرکز کی جانب سے حکومت کرناٹک کو درکار تعاون کا تیقن
بنگلور /30 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی وزیر قابل تجدید توانائی مسٹر پیوش گوئل نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کرناٹک کو اس کے شمسی توانائی کے منصوبوں کو پور اکرنے کے لیے درکار مکمل تعاون فراہم کرے گی اور یہ کہ ایشیا کا سب سے بڑا شمسی توانائی پیدا کرنے کا ایک پارک ٹمکور کے پائو گڑھ میں تعمیر کیا جائے گا جہاں 2000میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ریاستی محکمہ توانائی سے ایک اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹمکور کے پائو گڑھ میں تعمیر شدنی سولار پارک ایشیا کا سب سے بڑا پارک ہوگا اور مرکزی حکومت اس کی تعمیر کے لیے کرناٹک کی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔کرناٹک حکومت کو چاہیے کہ وہ پارک کے لیے اراضی فراہم کرے اور مرکزی حکومت اس کو شرمندہ تعبیر کر دے گی۔انھوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کا فوکس یہ ہے کہ وہ ملک میں آلودگی پھیلانے والے تمام وسائل اور ذرائع کو بتدریج بند کر دے اور ملک کو آلودگی سے پاک بنائے۔کرناٹک میں ہمیشہ بجلی کی قلت کا مسئلہ درپیش رہا ہے اور اس کو دنوں میں دور نہیں کیا جاسکتا جس قسم کی لائنیں کرناٹک کو درکار ہیں وہ جدید ترین لائنیں ہیں اور ان کی تنصیب کم مدت میں کوئی معمولی مسئلہ نہیں ہے کہ اسے حل کیا جاسکے۔مگر ہم مرکزی گرڈ سے جنوبی ریاستوں کو وافر اور خاطر خواہ بجلی کی فراہمی کے لیے درکار جدید لائنوں کی تنصیب کے کام کو ٹھوس بنیادوں پر کرنے کے خواہاں ہیں۔انھوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاستوں کو درکار کوئلہ کے بلاکس کے الاٹمنٹ کا فیصلہ جلد ہی کرے گی اور اس کی وافر ترسیل کے انتظامات کرے گی تا کہ مرکزی گرڈ کو بجلی حاصل ہو ساتھ ہی ریاستوں میں بجلی کی پیداوار کا کوئی مسئلہ نہ رہ جائے۔