پاؤں، اپنی کارکردگی کے لحاظ سے انسانی جسم کا سب سے مضبوط، لیکن توجہ کے لحاظ سے محروم ترین حصہ ہوتا ہے۔ مختصر الفاظ میں یوں بھی کہا جاسکتا ہے کہ اکثریت اپنے پاؤں کے ساتھ سوتیلوں کا سا سلوک روا رکھتی ہے۔ پاؤں کی حفاظت میں موئسچرائزرس کا استعمال مناسب صفائی وغیرہ بھی اپنی جگہ اہمیت رکھتے ہیں۔ تاہم اہم ترین چیز ورزش ہے جس کی وجہ سے جسم کے اس عضو کی کارکردگی کو نہ صرف بہتر بنایا جاسکتا ہے بلکہ یہ دیکھنے میں بھی خوش نما محسوس ہوتے ہیں۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ روز مرہ معمول میں تنگ جوتے، چپلیں استعمال کرنے سے پرہیز کریں، کیونکہ یہ عمل دورانِ خون کی بحالی میں رکاوٹ بنتا ہے اور پاؤں کی ساخت کو بھی متاثر کرتا ہے۔ کوشش کریں کہ ہائی ہیل کے استعمال کو بھی میل جول اور تقریبات کے لئے مخصوص کردیں۔ اگر آپ کے مصروف شیڈول میں اتنا وقت نہیں ہے کہ آپ اپنے پاؤں کو گرم پانی میں ڈبوکر بیٹھ سکیں تو نرم کپڑے یا تولیہ کو اِستری کی مدد سے گرم کریں اور اس میں اپنے پاؤں چند لمحوں کے لئے لپیٹ کے بیٹھیں۔ یہ آپ کو انوکھی راحت بخشے گا۔