پئیس۔ بیگمن ونسٹن سالیم اوپن کے فائنل میں

ونسٹن۔ سالیم ( امریکہ ) 27 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر ٹینس اسٹار لئینڈر پئیس نے ریو اولمپکس میں ہوئی ناکامی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنے جرمن پارٹنر اینڈرے بیگمن کے ساتھ اے ٹی پی ونسٹن ۔ سالیم اوپن کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ انہوں نے ایک سخت مقابلہ میں سیمی فائنل میں سویڈن کے رابرٹ لنڈسٹیڈ اور پاکستان کے اعصام الحق قریشی کو شکست دیدی ۔ ہندوستانی ۔ جرمن جوڑی نے 1 – 6, 7 – 6, 10 – 4 سے کامیابی حاصل کی ۔ فائنل میں اس جوڑی کا مقابلہ اسپین کے گوئیلرمو گارشیا ۔ لوپیز اور فن لینڈ کے ہینری کونٹینن سے ہوگا ۔ اسپین و فن لینڈ کے کھلاڑیوں کی جوڑی نے سیمی فائنل میں کروشیا کے میٹ پاوچ اور نیوزی لینڈ کے مائیکل وینس کو 7 – 6, 6 – 3 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی ۔ سیمی فائنل مقابلہ میں پئیس اور بیگمن کی جوڑی کو پہلے سیٹ میں بہت زیادہ مشکل پیش آرہی تھی اور ان کی سرویس بھی دو مرتبہ بریک کی گئی تھی ۔ تاہم دوسرے سیٹ میں اس جوڑی نے اچھی مزاحمت کی اور میچ میں واپسی کی ۔ تیسرے سیٹ میں کامیابی کے ذریعہ انہوں نے مقابلہ جیت لیا ۔