دبئی ۔3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ٹی ٹین لیگ کا دوسرا ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں 23 نومبر کو شروع ہوگا جس کیلئے آئی سی سی کی جانب سے منتظمین کو ہری جھنڈی دیکھادی گئی ہے۔ ایونٹ کو بدعنوانی سے پاک رکھنے کیلئے کئی قسم کے اہم اقدامات کئے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس حوالے سے ایک پریس کانفرنس میں ٹی ٹین لیگ کے چیئرمین شجیع الملک،سعد اللہ خان،ڈیوڈ ایسٹ اور جیمی ڈین نے کئی اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی جس میں بدعنوانی سے بچاؤ اولین ترجیح تھی۔ ٹی ٹین لیگ کا پہلا ایڈیشن بھی آئی سی سی کی اجازت کے ساتھ کھیلا گیا تھا اور ٹی ٹین لیگ کی انتظامیہ نے امارات کرکٹ بورڈ کی معاونت سے کرپشن سے پاک ٹورنمنٹ کا انعقاد کیا تھا جبکہ اسی وجہ سے گورننگ باڈی نے دوسرے ایڈیشن کیلئے بھی اسے اجازت نامہ جاری کردیا ہے۔ ٹی ٹین لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز 23 نومبر کو ہوگا اور دس روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 29 میچز کھیلے جائیں گے حالانکہ پہلا ایڈیشن محض چار دن میں ختم ہو گیا تھا جس میں چھ ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ ایونٹ کے چیئرمین شجیع الملک کے مطابق کرپشن سے پاک لیگ کے مقصد کو یقینی بنانے کیلئے آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ بدعنوانی سے متعلق امور پر نگاہ رکھے گا۔