دبئی۔25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا ہے کہ شارجہ میں ہونے والی ٹی 10 لیگ کو اچھی طرح جانچ پڑتال کے بعد ہی اجازت دی گئی ہے۔ اس لیگ کا جائزہ لے کر پہلے سال اجازت دی گئی تھی تاہم شفافیت کے حوالے سے مزید چھان بین کرنا پڑی تو کریں گے۔ آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں غیر ملکی صحافیوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے میں ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ ٹی ٹین لیگ کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا بیان ضرور پڑھا ہے لیکن ابھی تک پاکستان نے ہم سے براہ راست کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔ یاد رہے کہ پی سی بی چیف کی جانب سے اس متعلق آئی سی سی سے تحریری یقین دہانی مانگی گئی ہے۔ ڈیو رچرڈسن نے کہا کہ امارات کرکٹ بورڈ ٹی ٹین کے ساتھ امارات ٹی 20 لیگ کا بھی میزبان ہے۔ کسی رکن ملک کو ایک سے زیادہ لیگ کروانے سے نہیں روک سکتے لیکن کسی لیگ کی ساکھ سے کھیل کو نقصان نہیں ہونا چاہیے۔ کھلاڑی مسلسل کرکٹ کھیل کر ان فٹ بھی ہورہے ہیں اس معاملے کو آئی سی سی اجلاس میں اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کو اولمپکس اور ایشین گیمز میں شامل کرنے کے لئے کام کررہے ہیں۔ یہ ایک پیچیدہ عمل ہے۔