ٹی یو ڈبلیو جے ،صحافیوں کی نمائندہ تنظیم

ظہیرآباد ۔ 7 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس کے ریاستی جنرل سکریٹری خواجہ وراحت علی نے یہاں جے جے گارڈن فنکشن ہال میں ظہیرآباد تعلقہ پریس کلب کی جنرل باڈی کے منعقدہ اجلاس کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی یو ڈبلیو جے نئی ریاست تلنگانہ کے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہے جو غیر منقسمہ آندھراپردیش میں اے پی یو ڈبلیو جے سے موسوم تھی جسے ملک میں صحافیوں کی سب سے بڑی یونین ہونے کا اعزاز حاصل تھا ۔ انہوں نے تلنگانہ ریاست کے قیام کے ساتھ ہی نئی یونینوں کے قیام کو تلنگانہ صحافیوں کے مفادات کے مغائر قرار دیا اور کہا کہ سیاسی مقصدبراری کی تکمیل کیلئے قائم ہونے والی یونینیں ، صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے اہل ثابت نہیں ہوسکیں ۔ انہوں نے صحافیوں کیلئے جاری کردہ ہیلت کارڈز کے ذریعہ ایک لاکھ روپئے کے بجائے تین لاکھ روپئے کی حد تک کارپویٹ ہاسپٹلوں میں علاج و معالجہ کی سہولت پہنچانے کے ضمن میں ٹی یو ڈبلیو جے کی جانب سے کی گئی نمائندگی کا بھی تذکرہ کیا ۔ انہوں نے صحافیوں کے بچوں کو نصف فیس کی ادائیگی کے ذریعہ خانگی اسکول میں زیور تعلیم سے آراستہ کرانے سے متعلق حکومت تلنگانہ کے جاری کردہ احکام کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ ریاستی ٹی یو ڈبلیو جے ، ضلع رنگاریڈی کے صحافیوں کے بچوں کو محصلہ مراعات کی طرح ریاست تلنگانہ کے دیگر اضلاع کے صحافیوں کے بچوں کو مراعات دیئے جانے کیلئے کوشاں ہے ۔ صدر ٹی یو ڈبلیو جے ضلع میدک محمد عبدالقادر فیصل نے غیر منقسمہ آندھراپردیش میں ضلع میدک کے صحافیوں کیلئے انجام دی گئی خدمات کا تذکرہ کیا اور نئی ریاست تلنگانہ کے ضلع میدک کے صحافیوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے کئے جارہے اقدامات سے بھی شرکاء کو واقف کرایا ۔ رکن آئی جے یو رنگاچاری اور دوسروں نے بھی مخاطب کیا ۔ اس موقع پر ظہیرآباد تعلقہ پریس کلب میں شامل منڈلوں کوہیر ، ظہیرآباد ، نیالکل ، جھرہ ، سنگھم اور رائے کوڑ کے صحافیوں کی قابل لحاظ تعداد موجود تھی ۔