ٹی ٹی : مینس سیکشن کو جھٹکہ، خواتین کی بدستور کامیابی

کوالالمپور ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈین مینس ٹیم ورلڈ ٹیبل ٹینس چمپئن شپس میں آج یہاں اپنے گروپ F کے تھرڈ راؤنڈ میچ میں نائجیریا کے مقابل 0-3 سے ناکام ہوگئی لیکن اُن کی ہم وطن خواتین نے اس کے ازالہ میں پرتگال کے مقابل 3-0 کی جیت درج کرا تے ہوئے چوتھے راؤنڈ میں رسائی پالی ہے۔ دو متواتر کامیابیوں کے بعد اچنتا شرت کمل زیرقیادت ہندوستانی مینس ٹیم سے کچھ اچھی مزاحمت کی توقع تھی لیکن برتر رینک کے حامل نائیجیریا والے ہندوستانیوں کیلئے کافی بہتر کھلاڑی ثابت ہوئے۔ سومیاجیت گھوش نے اوپننگ میچ ارونا قادری کے مقابل 11-5، 11-4، 11-3 سے ہار دیا جو واضح شکست ہے۔ لیکن شرت نے سیگون توریولا کے خلاف مزاحمت کی اور 13-15، 6-11، 13-11، 5-11 سے ہارے۔ دو میچز میں شکست کے بعد انتھونی املراج کو بھی 13-11، 8-11، 9-11، 8-11 سے ناکامی ہوئی۔ مین اسکواڈ کو اپنے گروپ میں ہنوز دو میچز سوئزرلینڈ اور سلواک ریپبلک کے خلاف کھیلنے ہیں۔ مگر ہندوستانی خواتین نے اپنا صاف ستھرا ریکارڈ برقرار رکھتے ہوئے تھرڈ راؤنڈ میں پرتگال کے مقابل اطمینان بخش فتح درج کرائی۔ منیکا بترا نے فرسٹ میچ میں لیلا اولیویرا کے مقابل 11-5، 7-11، 11-8، 9-11، 11-9 سے جیت کے ذریعے 1-0 کی سبقت دلائی۔ بعد میں موما داس اور کے شامینی نے ٹیم کی 3-0 سے جیت مکمل کی۔ ہندوستانی خواتین کو ہنوز نائیجیریا اور کروشیا کے خلاف کھیلنا ہے۔
دہلی ڈیرڈیولس کیلئے ڈراویڈ کی خدمات حاصل
گرگاؤں ، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی ڈیرڈیولس نے آج راجستھان رائلز کے سابق سرپرست کو اس فرنچائز کی دو سالہ معطلی کے پیش نظر آئی پی ایل کے آنے والے نویں ایڈیشن کیلئے اپنا مینٹورمقرر کیا جبکہ پیڈی اَپٹن کو ہیڈکوچ بنایا گیا ہے۔ جی ایم آر کی ملکیت والی فرنچائز نے گیری کرسٹن کی خدمات ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تازہ تقررات کا آج باضابطہ اعلان کیا ۔ گزشتہ چند سیزن ڈیرڈیولس کیلئے خراب رہے جبکہ ٹیم نے سکنڈ ہاف میں اختتام کیا۔