روہت کو کمان ، ویراٹ دھونی کو آرام،شیکھر دھون نائب کپتان
نئی دہلی25 فروری (یو این آئی) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اگلے ماہ مارچ میں سری لنکا میں ہونے والی ندھاس ٹوئنٹی 20 سہ رخی سیریز کے لئے ہندستانی کپتان وراٹ کوہلی اور سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی کو آرام دیا ہے جبکہ روہت شرما کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے ۔ایم ایس کے پرساد کی زیر صدارت آل انڈیا سینئر سلیکشن کمیٹی نے میزبان سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ ہونے والی اس سہ رخی سیریز کے لئے شکھر دھون کو 15 رکنی ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا ہے ۔سلیکٹرز نے اپنے اہم بلے بازوں کے علاوہ اہم بولر بھونیشور کمار، جسپریت بمراھ، آل راؤنڈر ہردک پانڈیا اور کلائی کے اسپنر کلدیپ یادو کو بھی سیریز سے آرام دیا ہے ۔چھ سے 18 مارچ تک ھونے والی ندھاس ٹوئنٹی 20 سہ رخی سیریز کے لئے ٹیم میں اس بار پانچ کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے ۔ان میں وکٹ کیپر رشبھ پنت، آل راؤنڈر وجے شنکر اور واشنگٹن سندر ، بلے باز دیپک ہڈا اور تیز گیند باز محمد سراج شامل ہیں۔تقریبا ایک سال بعد ٹیم میں واپس آئے اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹوئنٹی 20 سیریز کا حصہ رہے سریش رینا کو بھی 15 رکنی ٹیم میں رکھا گیا ہے ۔