دبئی ۔ 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان اور بابر اعظم پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں، بیٹنگ کی فہرست میں نیوزی لینڈ کے کولن منرو دوسرے اور آسٹریلین کپتان ایرون فنچ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔پاکستان کی گزشتہ ایک برس سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں شاندار کارکردگی جاری ہے ۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کی جانے والی نئی رینکنگ کے مطابق پاکستان 138 پوائنٹس کے بعد بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے ۔سرِفہرست 10 ٹیموں میں ہندستان 126 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، انگلینڈ 118 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے ، آسٹریلیا 117 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور جنوبی افریقہ 114 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے ۔اس کے علاوہ نیوزی لینڈ چھٹے ، ویسٹ انڈیز ساتویں، افغانستان آٹھویں، سری لنکا نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر ہے ۔آئی سی سی کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کی بلے بازوں میں ٹاپ پوزیشن برقرار ہے ، البتہ فخر زمان کی رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے ، وہ چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔بلے بازوں میں دوسرا نمبر کولمن منرو اور تیسرا ایرون فنچ کا ہے ، ویسٹ انڈیز کے ایون لوئیس چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔گیند بازوں کی فہرست میں ابتدائی 5 نمبر تک کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ، افغانستان کے راشد خان پہلے اور پاکستان کے شاداب خان دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔بالنگ میں ٹی ٹوئنٹی جیسی تیز کرکٹ میں اسپن کا شعبہ کامیاب رہا ہے جہاں سرِفہرست 10 گیند بازوں میں 9 اسپنر شامل ہیں۔افغانستان کے نوجوان لیگ اسپنر راشد خان بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ پاکستان کے شاداب خان دوسرے ، ہندستان کے کلدیپ یادو تیسرے ، انگلینڈ کے عادل رشید چوتھے اور آسٹریلیا کے ایڈم زمپا پانچویں نمبر پر ہیں۔اسی طرح نیوزی لینڈ کے ایش سوڈھی چھٹے ، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ساتویں، پاکستان کے فہیم اشرف آٹھویں، پاکستان کے عماد وسیم نویں اور جنوبی افریقہ کے عمران طاہر دسویں نمبر پر ہیں۔آل راؤنڈرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے گلین میکس ویل پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ دوسرے پر بنگلہ دیش کے شکیب الحسن اور تیسرے پر افغانستان کے محمد نبی موجود ہیں۔