ٹی وی کے ایم ڈی کے قاتلین کی پولیس تحویل

حیدرآباد ۔ /13 فبروری (سیاست نیوز) ایکسپریس ٹی وی کے منیجنگ ڈائرکٹر سی ایچ جئے رام کے قتل کیس کے دو ملزمین راکیش ریڈی اور سرینواس کو آج صبح پولیس تحویل میں لے لیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس نے قتل کی تحقیقات سے متعلق پیشرفت کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ملزمین کی پولیس تحویل حاصل کرنے کے بعد انہیں موقع واردات پر لے جایا گیا اور وہاں سے تفصیلات حاصل کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کیس کی تحقیقات کے دوران شریکا چودھری نامی خاتون سے بھی پوچھ تاچھ کی جائے گی اور اب تک 10 افراد سے پوچھ تاچھ کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو یہ واضح طور پر معلوم ہوا ہے کہ راکیش ریڈی نے اس کے مکان میں ہی جئے رام کا قتل کیا تھا ۔ قتل کیس کے کلیدی ملزمین سے فون پر ربط میں رہنے والے دو پولیس عہدیداروں کے زاویہ پر بھی غور کیا جائے گا ۔ اگست 2018 ء میں آخری مرتبہ جئے رام نے شریکا چودھری سے ربط میں تھا ۔ اس کیس میں مزید تحقیقات کئے جائیں گے ۔