ٹی وی کے ایم ڈی و صنعت کے قاتلین کی حیدرآباد منتقلی

حیدرآباد 11 فروری (سیاست نیوز) اکسپریس ٹی وی کے منیجنگ ڈائرکٹر اور صنعت کار سی ایچ جئے رام کے قتل کیس کے دو ملزمین کے راکیش ریڈی اور اُس کے ساتھی سرینواس کو حیدرآباد پولیس نے وجئے واڑہ جیل سے شہر منتقل کرلیا۔ گزشتہ ہفتہ آندھراپردیش پولیس کے ڈی جی پی آر پی ٹھاکر نے جئے رام قتل کیس حیدرآباد سٹی پولیس کے حوالہ کردیا تھا اور کمشنر پولیس حیدرآباد کی ہدایت پر جوبلی ہلز پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ کمشنر نے اے سی پی بنجارہ ہلز کو اِس کیس کا تحقیقاتی عہدیدار مقرر کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ بنجارہ ہلز پولیس کی ایک ٹیم نے وجئے واڑہ جیل پہونچ کر راکیش ریڈی اور سرینواس کو پی ٹی وارنٹ پر حیدرآباد منتقل کیا اور چنتل کنٹہ میں واقع جج کی رہائش گاہ پر پیش کرتے ہوئے اُنھیں چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ بنجارہ ہلز پولیس نامپلی کریمنل کورٹ میں ایک عرضی داخل کرے گی جس میں ملزمین کو پولیس تحویل میں دیئے جانے کی خواہش کی جائے گی۔