کسی بھی ٹی وی چیانل کو نمائندہ نہیں بھیجا جائے گا، قیادت بحران اصل مسئلہ
نئی دہلی 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کم از کم ایک ماہ تک ٹیلی ویژن مباحث میں حصہ لینے کے لئے اپنے کسی بھی ترجمان کو نہیں بھیجی گی۔ پارٹی کو قیادت کے بحران کا سامنا ہے کیوں کہ راہول گاندھی نے اپنی صدارت سے استعفیٰ دینے پر زور دینا شروع کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے داخلی ذرائع نے بتایا کہ ٹی وی چیانلس کے مباحث میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ ٹی وی پروگراموں میں رونما ہونے والی صورتحال سے گریز کرنا ہے۔ صدر کانگریس کی حیثیت سے راہول گاندھی کی برقراری پر غیر یقینی کیفیت جاری ہے۔ راہول گاندھی نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی بدترین ناکامی پر استعفیٰ دینے کی پیشکش کی تھی۔ پارٹی ترجمان رندیپ سرجیوالا نے بتایا کہ انڈین نیشنل کانگریس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ کم از کم ایک ماہ کے لئے ٹیلی ویژن مباحث میں حصہ نہیں لے گی اور نہ ہی کسی ترجمان کو روانہ کرے گی۔ تمام میڈیا چیانلوں کے ایڈیٹروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے شوز پر کانگریس کے نمائندوں کو مدعو نہ کریں۔ راہول گاندھی نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں صرف 52 نشستوں پر کامیابی کے بعد استعفے کا فیصلہ کیا تھا اور وہ اِس پر قائم ہیں۔