ٹی وی سیریلس اور جہیز کی لعنت سے معاشرہ تباہ

ورنگل 7 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آج کل ٹی وی سریلس اور جہیز کی لعنت نے مسلم معاشرہ کو تباہ برباد کردیا ہے، پہلے اپنے اندر تبدیلی لائیں پھر دوسروں کو تربیت دیں ۔ خواتین اپنے شوہروں کی عزت کرنا چھوڑدیا ۔ اسلامی تعلیمات سے دوری ہمیں تباہ برباد کررہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار نندانا گارڈن ہنمکنڈہ ورنگل میں البنات آرگنائزیشن کی جانب سے منعقدہ دینی و اصلاحی کانفرنس برائے خواتین سے ڈاکٹر اسماء زہرہ طیبہ ڈاکٹر مفتیہ حافظہ رضوانہ بیگم پرنسپل جامعہ المومنات ،اسماء رحیم رکن شرعیہ تحفظ کمیٹی حیدرآباد ،محترمہ روحی خان ،نائب صدر جامعۃ النسا اسلامی حیدرآباد ،قومی صدر ایم جی اے تہنیت اطہر نے کیا ۔ کانفرنس کی صدارت اہلیہ محترمہ محمد غوث الدین مالک نندانا گارڈن رحیم النساء بیگم نے کی۔ خاتون مقررین نے کہا کہ مسلم معاشرہ کی تباہی میں آج کل کے ٹی وی سیریلس اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ہماری روزانہ زندگیوں میں ان سیریلس کے منفی اثرات پڑ رہے ہیں خواتین ہی خواتین کی دشمن نظر آرہی ہیں جہیز کی لعنت کو بڑھانے میں اکثر دیکھا جارہا ہے کہ خواتین اہم کردار ادا کررہی ہیں ۔ اس لعنت سے مسلمانوں کی معیشت تباہ برباد ہورہی ہے پیسہ کو پانی کی طرح بہایا جارہا ہے ۔ غریب طبقہ دکھاوے کیلئے سود پر قرض لے رہا ہے جہیزکی لعنت سے ہزاروں لڑکیاں گھروں میں بیٹھی ہوئی ہیں کئی واقعات سننے میں آرہے ہیں کہ جہیزکی وجہ سے مسلم لڑکیاں غیر مسلم لڑکوں کے ساتھ بھاگ رہی ہیں ایسے واقعات کی ذمہ داری کہیں نہ کہیں ہم سب پر ہیں ، عورت کا اسلام میں اہم مقام ہے ۔ مذہب اسلام میں عورت کو جو مقامدیا ہے وہ کسی اور مذہب میں نہیں ہے ،خاتون مقررین نے کہا کہ آج کل کی لرکیاں اپنے شوہروں کی عزت کرنا چھوڑ دی ہے جس کی وجہ سے نجی زندگیوں میں بگاڑ پیدا ہورہا ہے ، کئی سننے میں آرہے ہیں کہ زیادہ تعلیمیافتہ لرکیاں احساس برتری میں مبتلا ہیں اور مزید کہا کہ جب تک ہم میں مثبت تبدیلی نہیں لائی جاتی ہم دوسروں کو مشورہ نہیں دے سکتے ۔ اس کا اثر نہیں ہوتا پہلے ہم میں تبدیلی لائی جانی چاہئے پھر اپنے بچوں کو بہترین تربیت دے سکتے ہیں اپنے گھروں میں اسلامی ماحول پیدا کریں۔ نمازوں کی پابندی ،بزرگوں کی عزت اور خدمت کا جزبہ پایا جانا چاہئے ۔ اس کانفرنس کی کنوینر محترمہ افضل سلطانہ تھی۔ کو آر ڈینیٹر شمیلہ فردوس کے علاوہ نصرت جہاں ، عصمت فرزانہ و دیگر اس کانفرنس کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا ۔ کانفرنس کا آغاز حافظہ نازیہ سمیرہ خاتون کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ قاریہ رومیسا افشین نے نعت شریف پڑھی ۔ نندانا گارڈن میں منعقدہ خواتین کی دینی و اصلاحی کانفرنس میں خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔