ٹی وی ریالٹی شو کے اداکار پر حملہ، فلم نگر میں سنسنی

حیدرآباد۔/21ڈسمبر، ( سیاست نیوز) بنجارہ ہلز فلم نگر میں آج اس وقت ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی جب تلگو ٹی وی چینل کے ریالٹی شو کے اداکار پر گوڑ طبقہ کے نوجوانوں نے حملہ کردیا۔ ’’ زبردست ‘‘ ریالٹی شو کے اینکر وینو نے اپنے شو میںگوڑ طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی مبینہ طور پر توہین کی تھی جس پر آج اس طبقہ سے تعلق رکھنے والے بعض نوجوانوں نے وینو کے مکان واقع فلم نگر پہنچ کر اس پر اچانک حملہ کردیا اور اس کی جم کر پٹائی کی۔ اس واقعہ کے بعد فلم نگر میں ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی لیکن بنجارہ ہلز پولیس کی پٹرولنگ پارٹی نے وہاں پہنچ کر حالات کو قابو میں کرلیا اور وینو کو حملہ آوروں سے بچالیا۔ بنجارہ ہلز پولیس نے وینو کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ گوڑ طبقہ کی جانب سے شکایت درج کرائے جانے پر وینو کے خلاف بھی ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔