ٹی جے اے سی قائدین کی دہلی میں کے سی آر سے ملاقات

ٹی جے اے سی قائدین کی دہلی میں کے سی آر سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 12 ۔ نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ پولیٹیکل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام کی قیادت میں جے اے سی کے قائدین نے آج نئی دہلی میں ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ تلنگانہ ایمپلائیز جے اے سی کے قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مرکز کی جانب سے تلنگانہ مسئلہ پر سیاسی جماعتوں کی رائے حاصل کرنے کیلئے طلب کردہ اجلاس پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چندر شیکھر راؤ اور ڈاکٹر کیشو راؤ نے ٹی آر ایس کی جانب سے گروپ آف منسٹرس کے روبرو پیش ہوتے ہوئے علحدہ تلنگانہ کے حق میں موقف کی وضاحت کی۔ چندر شیکھر راؤ نے جے اے سی قائدین کو گروپ آف منسٹرس سے ملاقات کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس نے واضح کردیا کہ حیدرآباد دارالحکومت کے ساتھ 10 ا ضلاع پر مشتمل تلنگانہ ریاست کے علاوہ کوئی اور متبادل قابل قبول نہیں ہوگا۔ چندر شیکھر راؤ نے گروپ آف منسٹرس کو حیدرآباد کے بارے میں بعض پابندیوں کی اطلاعات پر اپنے اعتراضات سے بھی واقف کرایا۔ کے سی آر نے جے اے سی قائدین کو بتایا کہ مرکزی حکومت ریاست کی تقسیم سے متعلق بل میں حیدرآباد کے بارے میں کوئی شرائط رکھتی ہیں تو ٹی آر ایس شدت سے مخالفت کرے گی۔ انہوں نے جے اے سی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست کی تشکیل تک چوکسی اختیار کریں تاکہ سیما آندھرا قائدین کے دباؤ میں مرکز حیدرآباد کے بارے میں کوئی شرائط عائد نہ کرسکیں۔ جے اے سی کی جانب سے بھی گروپ آف منسٹرس کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی ہے ، اس رپورٹ میں ریاست کی تقسیم کی صورت میں تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے خصوصی پیاکیج کی اجرائی کا مطالبہ کیا گیا ۔ جے اے سی نے بھی واضح کیا ہے کہ حیدرآباد پر تلنگانہ حکومت کو مکمل اختیارات دیئے جانے چاہئیں۔