کولکتہ 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سرادھا اسکام میں سی بی آئی کے کستے ہوئے شکنجہ کے درمیان ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے اپنی پارٹی کے تنظیمی ذمہ داریوں کو سنبھال لیا اور پارٹی قائدین سے کہا ہے کہ مختلف فرضی کمپنیوں کے اسکامس میں ملوث اپوزیشن قائدین کی فہرست تیار کریں۔ ممتا بنرجی اپنے وزیر ٹرانسپورٹ و اسپورٹس کی بھرپور حمایت کی جو سرادھا اسکام کے ضمن میں جیل میں ہیں۔ ٹی ایم سی کے ایک لیڈر کے مطابق ممتا بنرجی نے اپنی پارٹی کے بندہ کمرہ اجلاس میں کہاکہ ’’مدن اور مُکل (مکل رائے ٹی ایم سی جنرل سکریٹری) نے کوئی غلطی نہیں کی ہے۔ وہ تنظیمی سرگرمیوں میں ہی مصروف رہے ہیں جنھیں جیل بھیجنے کے لئے ایک گندہ سیاسی سازش کی گئی تاکہ پارٹی کو کمزور کیا جاسکے‘‘۔ اس ٹی ایم سی لیڈر نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر کہاکہ ’’اب ممتا دی خود تنظیمی اُمور چلائیں گی۔ سرکاری کام کے بھاری دباؤ کے تحت وہ تنظیمی اُمور نہیں دیکھ پارہی تھیں لیکن اب وہ بذات خود تنظیمی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گی۔ وہ پارٹی کو مزید مستحکم بنائیں گی‘‘۔ یہ بھی اتفاق ہے کہ ممتا بنرجی کے بعد مُکل رائے ٹی ایم سی کے چند اہم قائدین میں شمار کئے جاتے تھے۔ 2011 ء میں یہ پارٹی برسر اقتدار آنے کے بعد مُکل رائے ہی ٹی ایم سی کے تنظیمی اُمور کی دیکھ بھال کیا کرتے تھے۔ ممتا بنرجی نے کہاکہ ٹی ایم سی، اپوزیشن جماعتوں بالخصوص بی جے پی کو اپنے سیاسی گڑھ کا ایک انچ حصہ حاصل کرنے کی اجازت بھی نہیں دے گی۔ اُنھوں نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی، مغربی بنگال میں ٹی ایم سی کو مشکلات میں ڈالنے کے لئے مرکزی اداروں کا استعمال کررہی ہے۔