بی جے پی و کانگریس کی دکانیں عنقریب بند ‘ ونپرتی میں انتخابی جلسہ سے کے سی آر کا خطاب
ونپرتی ۔ 31 ؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عنقریب بی جے پی و کانگریس کی دوکان بند ہونے والی ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی کو 16 نشستوں پر کامیابی دلانے پر ٹی آر ایس دہلی میں اہم رول ادا کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہار چیف منسٹر کے چندراشیکھرراو نے کیا ۔ آج شام ونپرتی کے ناگورم میں منعقدہ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ گذشتہ 60 سالہ دور میں کانگریس و بی جے پی نے اقتدار پر رہ کر تلنگانہ کو ہر اعتبار سے پسماندہ کیا ہے ۔ ٹی آر ایس پارٹی اقتدار پر آنے سے پہلے متحدہ محبوب نگر ہر اعتبار سے بچھڑا ہوا نظر آ رہا تھا ۔ ٹی آر ایس پارٹی اقتدار پرآکر بچھڑے ہوئے ضلع کو سرسبزو دشاداب کیا ہے ۔ بی جے پی اور کانگریس کے قائدین کہہ رہے ہیں کہ کے سی آر کو پارلیمانی انتخابات سے کیا تعلق ہے ؟ انہوں نے کہا کہ صرف دو نشستوں سے ریاست تلنگانہ کو حاصل کیا ہے ۔ اگر 16 پر کامیاب ہوں گے تو دہلی کے نقشہ بدل دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ علاقائی جماعتوں سے روابط جاری ہیں ۔ تاملناڈو کے اسٹالن ‘ پرکاش امبیڈکر ‘ پرکاش راج سے بات چیت جاری ہے ‘ نتائج کے بعد ہی پتہ چلے گا ۔ انہوں نے کہاکہ ناگرکرنول پارلیمان حلقہ سے ٹی آر ایس پارٹی امیدوار کی کامیابی یقینی ہے ۔ سروے رپورٹ کے مطابق 2 لاکھ اکثریت سے کامیابی حاصل ہونے کی امید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نرنجن ریڈی کو کابینہ میں اعلی مقام دیا گیا ہے ۔ اور متحدہ محبوب نگر کی ترقی کے لئے اور یہاں کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں گے ۔ اسمبلی انتخابات میں متحدہ ضلع محبوب نگر کے 14 حلقوں میں 13 پر ٹی آر ایس پارٹی کو یہاں کی عوام نے کامیاب کیا ہے جس کے لئے میں مشکور ہوں ۔ پارلیمانی انتخابات میں ناگرکرنول حلقہ کے امیدوار کو کامیاب کرنے کی اپیل کی ۔ اس جلسہ عام کی وزیر نرنجن ریڈی نے صدارت کی ۔ اس جلسہ عام میں گدوال ‘ اچم پیٹ ‘ عالم پور ‘ ناگرکرنول کے ارکان اسمبلی مخاطب کیا ۔ عوام کی کثیر تعداد اس جلسہ میں شریک تھی ۔