ٹی آر ایس کی کامیابی، کے سی آر پر عوامی اعتمادکی تصدیق

کریم نگر 27 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کئی مخالفتوں، جھوٹے پروپگنڈہ کے باوجود ٹی آر ایس کی تاریخی کامیابی نے ثابت کردیا کہ عوام کا کے سی آر پر بھرپور اعتماد قائم ہے۔ رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ وہ آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہاکہ عوام کی نبض میں نے پہلے ہی پہچان لی تھی اور 19 نومبر کو کہہ دیا تھا کہ بھاری اکثریت سے ہماری کامیابی ہوگی اور مخالفین کی ضمانتیں ضبط ہوں گی جو سچ ثابت ہوا۔ انھوں نے کہاکہ ٹی آر ایس امیدوار دیاکر کی کامیابی سے عوام میں کے سی آر پر کس قدر مکمل اعتماد ہے اس کا مظاہرہ کردیا ہے۔ اب جی جان سے عوام کی خدمت انجام دینے کی ضرورت ہے۔ ہمیں غرور و تکبر سے نہیں بلکہ انکساری سے کام کرنا ہوگا۔ عوام کے اعتماد کو قائم رکھنے کے لئے کافی محنت کے ساتھ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کی طرف توجہ دینی ہوگی۔ آئندہ ماہ ٹی آر ایس کارکنوں کے تربیتی پروگرام کے انعقاد کا منصوبہ ہے۔ پارلیمنٹ اجلاس میں کپاس کے کاشتکاروں کے مسائل کو زیربحث لاؤں گا۔ ریاست بھر میں 42 لاکھ ایکر پر کپاس کی پیداوار ہورہی ہے۔ ہندوستان میں گجرات کے بعد ہماری ریاست میں کپاس کی زیادہ کاشت ہوتی ہے۔ یہاں کپاس کی خریدی کے کم از کم80  مراکز ہونا چاہئے تھا صرف 20 ہیں اور قیمت فی کنٹل 5 ہزار ہونا چاہئے۔ مرکز ناانصافی کررہا ہے۔ اس پریس کانفرنس میں زیڈ پی چیرپرسن تلا اوما چپہ ڈنڈی رکن اسمبلی بودگے شوبھا، مسٹر رویندر ریڈی، وانی سنیل راؤ، روپ سنگھ، اے وی رمنا، پی مہیش، سرینواس گوڑ، نعیم الدین اور دیگر موجود تھے۔