حیدرآباد ۔24 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے لیڈر اور حلقہ ملک پیٹ کے شکست خوردہ امیدوار مسٹر سی ایچ ستیش کمار کو ملک پیٹ پولیس نے خاتون سے بدسلوکی اور دھمکانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ستیش کمار جو واٹر ورکس بورڈ ایمپلائیز یونین کے صدر ہیں، 16 جون کو یونین کے جنرل سکریٹری مسٹر تروپتی کے مکان پہنچ کر انہیں اور ان کی بیوی لتا سے مبینہ طور پر بدسلوکی کی اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ پولیس نے بتایا کہ یونین کے جنرل سکریٹری تروپتی نے یونین کے 15 ارکان کے ہمراہ ایک اجلاس منعقد کیا تھا جس کی اطلاع ستیش کمار کو نہیں دی گئی تھی۔ اس اجلاس کی اطلاع ملنے پر ستیش کمار تروپتی کے مکان واقع ایم سی کوارٹر ملک پیٹ پہنچ کر وہاں پر ہنگامہ آرائی کی اور لتا سے بدسلوکی کرتے ہوئے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی ۔ ملک پیٹ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور شواہد اکھٹا ہونے پر ستیش کمار کو آج گرفتار کرلیا گیا ۔ بعد ازاں انہیں نامپلی کرمنل کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں پر ان کی ضمانت منظور کرلی گئی۔