کلواکرتی 2 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی میں آج ریاستی وزیر صنعت جوپلی کرشنا راؤ ضلع کلکٹر پریہ درشنی کے ہمراہ حکومت تلنگانہ کی نئی اسکیم تمام حکومت کی جانب سے کھانا سربراہ کئے جانے والے مراکز پر باریک چاول کی سربراہی کا افتتاح انجام دیا اور ہاسٹلس کو پہنچتے ہوئے طلباء و طالبات کے ساتھ کھانا تناول کیا اور دیگر مقامات پر اس کی جانچ پڑتال کی واضح ہوکہ تلنگانہ ریاستی حکومت نے تمام ہاسٹل اور مڈ ڈے میل اور آنگن واڑی مراکز پر سب کیلئے باریک چاول فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے آج سے اس کا آغاز بھی کردیا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے مقامی ایم ایل اے ڈاکٹر چلاومشی چندر ریڈی نے اس اسکیم کا کلواکرتی سے اس ضلع میں افتتاح کیلئے مبارکباد دی اور حکومت کے اس اقدام کی خوب سراہنا کی۔ ساتھ ہی ساتھ عوام اور عہدیداران و عوامی قائدین سے اپیل بھی کی کہ جہاں حکومت عوام کے لئے اس طرح کے قابل تعریف اسکیمات روبہ عمل لارہی ہے تو ہمارا بھی فریضہ بنتا ہے کہ ہم اس کو بہترین انداز میں آگے بڑھاتے ہوئے ایسی اسکیموں کو کامیاب بنائیں۔ جس کے بعد ضلع کلکٹر پریہ درشنی نے بتایا کہ حاملہ خواتین کو تغذیہ بخش غذا کی فراہمی کیلئے ریاستی حکومت 39 کروڑ کے صرفہ سے اس اسکیم کو روبہ عمل لایا ہے جہاں خواتین کو پیٹ بھر کھانا مختلف ترکاریوں کے ذریعہ فراہم کیا جائے گا وہیں پر ان خواتین کو روزانہ ایک انڈہ اور 200 ایم ایل دودھ بھی فراہم کیا جائے گا۔ جس کے لئے آنگن واڑی مراکز پر انھیں بغیر کسی پریشانی کے کھانا پکاکر کھلایا جائے گا جبکہ اس اسکیم سے حاملہ خواتین 6 ماہ سے لے کر ولادت کے 6 ماہ بعد تک کے ساتھ چھوٹے بچوں اور بچیوں کو ماہانہ 16 انڈے کے ساتھ یہ اسکیم چلائی جائے گی۔ جبکہ اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے آج سے دیگر تمام ہاسٹلس اور مدارس میں مڈ ڈے میل کے موقع پر تمام کو باریک چاول فراہم کررہی ہے۔ اُنھوں نے عہدیداروں کے ساتھ عوامی نمائندوں کو اس اسکیم کو کامیاب طریقہ سے چلانے کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد وزیر صنعت جوپلی کرشنا راؤ نے بتایا کہ حکومت ریاست تلنگانہ عوام کی بھلائی اور خیر خواہی کے کاموں کیلئے وقف ہوچکی ہے۔ تلنگانہ عوام کی ترقی اور تلنگانہ کی ترقی کے لئے کے سی آر نے 14 دن تک بھوک ہڑتال کرتے ہوئے اس ریاست کے قیام کو عملی جامہ پہنایا ہے جہاں پر ریاست کیلئے ٹی آر ایس نے کئی ایک طرح کی قربانیاں دے کر اس ریاست کو حاصل کیا ہے۔ اب اس ریاست کو بنگارو تلنگانہ ریاست میں تبدیلی کیلئے ٹی آر ایس حکومت پوری طرح سے محنت کررہی ہے۔