ٹی آر ایس حکومت خشک سالی مسئلہ سے نمٹنے میں ناکام

خانہ پور 29 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خانہ پور میں کانگریس قائدین و کارکنوں نے برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیاکہ کے سی آر حکومت خشک سالی سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ کانگریس قائدین و کارکنوں نے مخالف حکومت نعرے بلند کرتے ہوئے احتجاجی ریالی منظم کی اور جگن چوک پر دھرنا منظم کیا۔ اس موقع پر کے گنگا راؤ صدر کانگریس منڈل خانہ پور نے کے سی آر حکومت پر الزام عائد کیاکہ ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ ریاست کی ترقی کا دعویٰ کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے عوام کو گمراہ کررہے ہیں جبکہ ترقی کے نام پر صرف اعلانات ہورہے ہیں۔ کے سی آر زبانی جمع خرچ سے کام لینے کے بجائے ریاست تلنگانہ کی ترقی کے لئے عملی اور ٹھوس اقدامات کریں جس کی شدید ضرورت ہے۔ کانگریس قائد نے حکومت پر الزام عائد کیاکہ ریاستی حکومت سنگین خشک سالی کے مسئلہ سے نمٹنے میں عملاً ناکام ہوچکی ہے۔ خشک سالی کی سنگین صورتحال سے ریاست کے عوام بالخصوص کسان پریشان حال ہیں اور خودکشی پر مجبور ہیں۔ ریاست کے عوام پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں۔ ریاست کے عوام بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں اور چیف منسٹر کے سی آر سنہرے تلنگانہ کا خواب دیکھ رہے ہیں اور عوام کو صرف سنہرے خواب دکھارہے ہیں۔ اگر ریاست کا یہی حال رہا تو کے سی آر کی ٹی آر ایس حکومت سے سنہرا تلنگانہ کبھی ممکن نہیں۔ کانگریس قائد گنگا راؤ نے چیف منسٹر کے سی آر سے پرزور مطالبہ کیاکہ وہ ریاست کی ترقی کے لئے عملی اقدامات کریں۔ ریاست میں سنگین خشک سالی سے نمٹنے کے فوری اقدامات کریں اور کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کریں۔ کانگریس ریاست بھر میں سلسلہ وار احتجاجی پروگرام منظم کرے گی۔ بعدازاں کانگریس کے احتجاجی قائدین و کارکنوں نے دفتر تحصیل پہنچ کر دھرنا منظم کیا اور اے نریندر تحصیلدار خانہ پور کو مطالبات پر مشتمل یادداشت پیش کی۔ اس موقع پر کانگریس قائدین سریش کمار، ڈی راجیشور، نیلمن، بی سی رمیش، محمود، ایم گنگادھر کے علاوہ پارٹی کارکنوں اور کسانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔