ٹی آر ایس یوم تاسیس اور پلینری سیشن کی بڑے پیمانہ پرتیاری

حیدرآباد22مارچ (سیاست نیوز)تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آر ایس کے یوم تاسیس اور پلینری سیشن کو بڑے پیمانہ پر منانے کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ 27 اپریل کو ضلع ورنگل میں بڑے پیمانہ پر یوم تاسیس منانے کا ٹی آر ایس نے فیصلہ کیاہے جس میں صدر ٹی آر ایس و وزیر اعلی چندر شیکھر راؤ جلسہ عام میں فلاحی اور ترقیاتی پروگرام کی تفصیلات سے واقف کروائیں گے ۔ انہوں نے ورنگل کی میٹنگ سے پہلے حیدرآباد میں پارٹی کا پلینری سیشن منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں وزیر اعلی نے پارٹی کے لیڈروں سے تبادلہ خیال کیا ۔ گزشتہ سال کھمم میں پارٹی پلینری سیشن منعقد کیا گیا تھا ۔ اس سال ورنگل میں یہ سیشن ہوگا ۔ ورنگل کے لیڈروں کو انتظامات کی انہوں نے ہدایت دی ۔ حیدرآباد میں پارٹی کے اہم لیڈروں اور کارکنوں کے ساتھ پلینری کے سلسلہ میں وزیر اعلی نے تبادلہ خیال کیا اور رکنیت سازی پروگرام جلد مکمل کرتے ہوئے نئے ارکان کے آن لائن ناموں کا اندراج کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ ساتھ ہی پارٹی کی کمیٹیوں ‘ نئے اضلاع کی کمیٹیوں کی بھی تشکیل کی ہدایت دی گئی ۔