ٹی آر ایس کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی کوشش

کارکنوں کے لئے سواریوں کی سہولت، رکن اسمبلی بودھن محمد شکیل عامر کا بیان
بودھن /26 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل عامر نے یہاں بودھن کے ایک فنکشن ہال میں پارٹی کے سرگرم کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اپریل کو حیدرآباد میں منعقدہ ٹی آر ایس کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے بودھن شہر کے علاوہ منڈل بودھن، ایڑپلی، رنجل اور نوی پیٹھ منڈلوں سے تقریباً 50 ہزار کارکنوں کی جلسہ عام میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ صدر ٹی آر ایس کے چندر شیکھر راؤ جلسہ عام کو مخاطب کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہر ایک موضع سے کم از کم چار بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ ضلع نظام آباد میں بسوں اور کاروں کی قلت کے باعث پڑوسی ریاست مہاراشٹرا سے 200 کاریں اور 200 بسوں کا بندوبست کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی ورکرس کے سفر اور طعام کی تمام تر ذمہ داری مقامی صدور کو سونپی گئی ہے، جب کہ ہر ایک بس میں ٹھنڈا پینے کے پانی کا بھی نظم رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ منڈل صدور اپنے منڈلوں سے روانہ ہونے والی تمام سواریوں میں موجود پارٹی کارکنوں کو سکندرآباد جلسہ گاہ تک لے جانے اور بخیر و عافیت واپس آنے کے مقام تک پہنچانے کی ذمہ داری منڈل صدور کو تفویض کی گئی ہے۔ جناب شکیل نے کسی بھی ناگہانی صورت میں فوری ان سے راست رابطہ پیدا کرنے اور پارٹی کارکنوں کے سفر کو آرامدہ بنانے ہر ممکن اقدامات کرنے منڈل صدور سے خواہش کی ہے۔ اس موقع پر صدر ٹاؤن عابد احمد صوفی، چیرمین بلدیہ ایلیا، شرت ریڈی، گرداور گنگا ریڈی، شیام راؤ ایڈوکیٹ، سہیل کے علاوہ نوی پیٹھ، رنجل، ایڑ پلی اور بودھن منڈلوں کے صدور اور پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔