ٹی آر ایس کے انتخابی وعدوں کی ہر قیمت پر تکمیل

مریال گوڑہ۔/11اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر تعلیم جی جگدیشور ریڈی کی پہلی مرتبہ مریال گوڑہ آمد کے موقع پر ٹی این آر گارڈن میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کی بھاری تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ وہ مریال گوڑہ حلقہ کے قائدین اور کارکنوں کے ایک اجلاس کو مخاطب کرنے یہاں پہنچے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم جی جگدیشور ریڈی نے نئی تشکیل شدہ ریاست تلنگانہ میں ان کی حکومت کے چارماہ کی کارکردگی کا تفصیل سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے دوران کے سی آر نے تلنگانہ کے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان تمام کو مرحلہ وار مکمل کریں گے۔ کانگریس اور تلگودیشم کے دور حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کی عوام نے ان کو آزادی کے بعد سے وقفہ وقفہ سے ان دونوں کو اقتدار سونپا لیکن انہوں نے تلنگانہ کے عوام کے ساتھ ہر شعبہ میں ناانصافی کی لیکن آج کئی سالوں کی جدوجہد اور ہزاروں جانوں کی قربانیوں کے بعد ہمیں تلنگانہ حاصل ہوا اور تلنگانہ عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے اس موقع پر انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سلسلہ وار ان تمام کو پورا کیا جائے گا۔ اس کے لئے ہماری حکومت نے ابتداء میں کسانوں کے قرضوں کی معافی بے گھر افراد کو مکانوں کی تعمیر، دلت طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے درمیان اراضی کی تقسیم، معذورین کے وظائف میں اضافہ کے علاوہ مستحق اور غریب لڑکیوں کی شادی کے لئے 51ہزار کی رقم ان کے کھاتے میں راست جمع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی بہترین حکمرانی کو دیکھتے ہوئے مخالف جماعتوں کے قائدین سینکڑوں کی تعداد میں ٹی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں۔ اس کو دیکھتے ہوئے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں ریاست تلنگانہ میں کوئی اپوزیشن جماعت نہیں رہے گی۔ انہوں نے اس موقع پر کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ کے سی آر کے متعارف کردہ فلاحی اسکیمات کے فوائد لوگوں کو بتائیں۔ اس موقع پر محمد ریاض سوشیل ورکر نے مریال گوڑہ میں مستقل اردو میڈیم جونیر کالج کے لئے ایک یادداشت وزیر تعلیم کو دی۔ اس موقع پر مریال گوڑہ انچارج امریندر ریڈی، نکریکل رکن اسمبلی ویریشم، سابق ارکان اسمبلی آر سرینواس، رام مورتی یادو کے علاوہ دوسرے پارٹی قائدین و کارکن موجود تھے۔