ٹی آر ایس کے اقتدار میں تلنگانہ کی ترقی مثالی

کریم نگر میں انتخابی پروگرام سے سید اکبر حسین کا خطاب
کریم نگر۔/6نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم دوست اقلیت نواز کے سی آر مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنے دور اقتدار میں دیگر ریاستوں کیلئے مثالی ہوں اس طرح کے کئی بہبودی پروگراموں کی شروعات کرتے ہوئے اس پر موثر عمل آوری کی کوشش کی ہے۔ اقلیتی کارپوریشن صدر سید اکبر حسین اور ٹی آر ایس ریاستی سکریٹری سید مظفر حسین نے دوران خطاب کہا۔ اتوار کی شام مانیر گارڈن میں منعقدہ ٹی آر ایس کے انتخابی پروگرام میں اقلیتی قائدین نے شرکت کرتے ہوئے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب ہورہے اسمبلی چناؤ میں متحدہ ضلع کریم نگر کے جملہ 13 اسمبلی حلقوں کے ٹی آر ایس امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیابی کے لئے مسلمانوں کو متحدہ جدوجہد کرنا چاہیئے۔ پھر سے ایک بار مسلم دوست سبھی مذہب کا احترام کرنے والے چیف منسٹر کو اقتدار پر لانے کیلئے کوشش کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 70 سال کے دور اقتدار میں یہاں کانگریس اور ٹی ڈی پی دونوں ہی کے دور اقتدار میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ جبکہ ان ساڑھے چار سالہ کے سی آر کے دور حکومت میں مثالی ترقی ہوچکی ہے۔ اب بی جے پی اور مہا کوٹمی میں شامل کانگریس، ٹی ڈی پی پارٹیاں پھر ایک بار دھوکہ دینا چاہتی ہیں ان کی باتوں پر اعتماد نہ کریں آندھرا کے چیف منسٹر چندرا بابو کو ناکام کریں۔ ضلع بھر میں مسلمان ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کیلئے جی جان سے کوشش کریں۔ اس اجلاس میں کارپوریٹر بی سریکانت ، مسلم قائدین سید مظفر الدین، محمد جمیل الدین، ساجد ، عرفان، عظمت، اقبال، عارف وغیرہ نے شرکت کی۔ ڈپٹی میئر گوگیلا رمیش کارپوریٹرس وغیرہ شریک تھے جنہوں نے کے سی آر کی مختلف اسکیمات و پروگراموں کے بارے میں ذکر کیا۔ آج ملک بھر میں کے سی آر کے اقتدار کو سرفہرست قرار دیا۔