کریم نگر میں تلگودیشم و کانگریس قائدین جو جی ریڈی اور پونم پربھاکر کی پریس کانفرنس
کریم نگر۔/24 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)عظیم اتحاد کا واحد ایجنڈہ آمرانہ طرز والی کے سی آر کی حکومت کاخاتمہ ہی ہے۔ اب جو انتخابات ہورہے ہیں اس میں تلگودیشم اور کانگریس کیلئے اقتدار کاحصول اور حکومت کا قیام کوئی نئی سوغات نہیں ہے، تلگودیشم نے بھی حکومت کی ہے اور کانگریس نے بھی حکومت کی ہے لیکن تمہارے ( ٹی آر ایس ) کیلئے نعمت غیر مترقبہ تھی ، عوام کو گمراہ کرکے تلنگانہ جذبات بھڑکا کر غلط اور جھوٹے وعدے کرتے ہوئے ناانصافی کا رونا روکر مسلمانوں کو اندرون 4 ماہ 12 فیصد تحفظات کی فراہمی جیسے کانوں کو خوش کرنے والے وعدے کرکے اقتدار حاصل کیا لیکن عوام تمہارے کسی بھی وعدے پر اعتبار کرنے والے نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تلگودیشم دفتر میں ضلع تلگودیشم صدر جوجی ریڈی اور کانگریس تلنگانہ ریاست ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے مشترکہ طور پر میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ جوجی ریڈی نے کہا کہ باپ، بیٹا جب بھی منہ کھولتے ہیں سوائے جھوٹ کے اور کچھ نہیں بولتے۔ طلبہ و نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے والے دھوکے باز اب دوبارہ بے روزگاری بھتہ دینے کا وعدہ کرتے ہوئے پھر ایک بار دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ تلگودیشم قائد نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ سوچ سمجھ کر ووٹ دیں ۔ پھر ایک بار مودی اور کے سی آر کے جھوٹے وعدوں پر یقین نہ کریں۔ کریم نگر کی آئی ٹی ہب میں تبدیلی ہی نہیں بلکہ شہر کو لندن کی طرح ترقی دینے اور اسمارٹ سٹی بنانے کا وعدہ کیا گیا لیکن کام کس قدر ہوئے ہیں عوام دیکھ لیں۔ سونیا گاندھی اگر تلنگانہ نہ دی ہوتیں تو کے سی آر بار بار پچاس جگہ ناک رگڑنے پر بھی تلنگانہ کا قیام نہ ہوا ہوتا۔ عظیم اتحاد کے قائدین نے کہا کہ ٹی آر ایس کے قائدین کو مواضعات میں آنے نہیں دیا جارہا ہے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کرنے پر ہی ووٹ مانگنے آئیں گے کہا تھا۔ اب کیوں آئے ہو پوچھا جارہا ہے۔ کانگریس اقتدار پر آتے ہی مسلمانوں کیلئے سب پلان مختص کیا جائے گا۔ آبادی کی 50 فیصد خواتین کو اقتدار میں شرکت کی فراہمی ہوگی۔ برہمن، ریڈی اور ویشیا کارپوریشن کے لئے فنڈز کی منظوری کی جائے گی۔ آج کے سی آر شیخ چلی کی طرح بڑے بڑے وعدے کررہے ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ ٹی آر ایس کی طرح کانگریس وعدے کرکے وعدے فراموشی نہیں کرے گی بلکہ جو بھی وعدے کئے جائیں گے ان پر عمل کرکے دکھلائے گی۔گنگولا کملاکر دولت کی بدولت اور بنڈی سنجے مذہبی بھید بھاؤ کے ذریعہ منافرت پیدا کرکے کامیابی کی کوشش کررہے ہیں ۔ کریم نگر میں پونم پربھاکر کی کامیابی کیلئے اور دیگر متحدہ ضلع کریم نگر میں مہا کوٹمی کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھی مل کر کوشش کریں گے اور ہر حال میں کے سی آر کے آمرانہ اقتدار کو بیدخل کرکے رہیں گے۔ اس مشترکہ پریس کانفرنس میں ایم ایل سی سنتوش ریڈی، شکیل احمد بھی شریک تھے۔