میدک میں کانگریس و بی جے پی کی شکست یقینی، اقلیتی قائدین کی پریس کانفرنس
سنگاریڈی /7 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی قائد ٹی آر ایس جناب ایم اے حکیم ایڈوکیٹ نے سنگاریڈی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس امیدوار حلقہ پارلیمان میدک کے پربھاکر ریڈی کی کامیابی یقینی ہے۔ چوں کہ عوام کی تائید و حمایت ٹی آر ایس کے ساتھ ہے۔ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اقتدار میں آتے ہی انتخابات سے قبل کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے مسلم قائد جناب محمد محمود علی کو نائب وزیر اعلی کے عہدہ پر فائز کیا۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کی فراہمی کے ضمن میں بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں، جب کہ اقلیتی بجٹ ایک ہزار کروڑ روپئے مختص کیا گیا ہے۔ انھوں نے بی جے پی امیدوار جے پرکاش ریڈی (جگاریڈی) پر سخت تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس امیدوار سنیتا لکشما ریڈی کو حلقہ اسمبلی نرسا پور کے عوام نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں شکست سے دو چار کیا تھا، اب حلقہ پارلیمان میدک کے ضمنی انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی نے شکست خوردہ امیدواروں کو اپنا اپنا امیدوار بنایا ہے، جن کی شکست یقینی ہے۔ یہاں تک کہ ان کی ضمانتیں بھی ضبط ہو جائیں گی، جب کہ ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کی کامیابی کے لئے سنگاریڈی حلقہ اسمبلی میں راجیا نائب وزیر اعلی، مہندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ، ونود ایم پی، بی سمن ایم پی، ہریش راؤ ریاستی وزیر آبپاشی، چنتا پربھاکر رکن اسمبلی سنگاریڈی، آر ستیہ نارائنا ضلع صدر ٹی آر ایس، محمد جلال الدین بابا صدر ضلع اقلیتی سیل، ایم اے سبحان، ایم اے وسیم، خواجہ خاں اور دیگر کامیابی کے لئے زبردست مہم چلا رہے ہیں، جب کہ سدا سیو پیٹ ٹاؤن میں بھی ٹی آر ایس کی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ پٹن چیرو میں محمد محمود علی نائب وزیر اعلی، مہیپال ریڈی رکن اسمبلی کے ہمراہ ٹی آر ایس کے جلسوں میں شرکت کرکے انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ اس موقع پر ایم اے سبحان سابق رکن بلدیہ سنگاریڈی نے ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے عوام سے اپیل کی۔