ٹی آر ایس کو دوبارہ اِقتدار ملتے ہی آر ٹی سی بند ہوگی

کے سی آر پر غریب عوام کے ٹرانسپورٹیشن کو بری طرح نظرانداز کرنے اُتم کمار ریڈی کا الزام

حیدرآباد۔ 11 اکتوبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوتا ہے تو ’’آر ٹی سی‘‘ کو قفل پڑ جائے گا جبکہ کانگریس کی حکومت تشکیل پاتی ہے تو آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے پر ملازمین کو سرکاری ملازمین کے طرز پر پے اسکیل دینے کے ساتھ تمام فائدے پہونچانے کا وعدہ کیا۔ ووٹ کی طاقت سے ٹی آر ایس کو شکست دینے کی آر ٹی سی ایمپلائیز سے اپیل کی۔ تلنگانہ جاتیہ مزدور یونین (TJMU) کی جانب سے آر ٹی سی کلیانا منڈپم میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کے دوبارہ اقتدار پر آنے سے سب سے زیادہ خطرہ آر ٹی سی کو ہوگا۔ انہوں نے آر ٹی سی ایمپلائیز کی جانب سے ہڑتال کی نوٹس دینے پر کے سی آر کی جانب سے آر ٹی سی کو بند کردینے کا انتباہ دینے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی غریب عوام کا ٹرانسپورٹ ہے۔ نقصان اور فائدے کیلئے کارپوریشن کیسے ذمہ دار ہوسکتا ہے۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق مالی مدد کرتے ہوئے آر ٹی سی کو مستحکم کریں۔ فنڈز کی اجرائی میں کے سی آر نے آر ٹی سی کو نظرانداز کرتے ہوئے ہزاروں ایمپلائیز کے ارکان خاندان کی زندگیوں سے کھلواڑ کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور کے سی آر پر ڈِکٹیٹرشپ کا رول ادا کرنے کا الزام عائد کیا۔ آر ٹی سی کی موجودہ حالت کیلئے تلنگانہ حکومت کو پوری طرح ذمہ دار قرار دیا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ آر ٹی سی نقصانات کی بڑی وجہ بڑھتی ہوئی ڈیزل کی قیمتیں ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں خال تیل کی قیمتیں گھٹنے کے باوجود بی جے پی کے زیرقیادت این ڈی اے اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت نے غریب اور عام افراد کو اس کے فائدے نہیں پہونچانے، پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیاس پر مختلف ٹیکس عائد کرتے ہوئے عوام پر مالی بوجھ میں اضافہ کردیا۔ کے سی آر کے چیف منسٹر بننے کے بعد تلنگانہ میں پٹرولیم اشیاء پر 5 مرتبہ ٹیکسوں میں اضافہ کیا گیا۔ ایل پی جی پکوان گیاس سلنڈر جو 450 روپئے میں دستیاب ہوا کرتا تھا، اب اس کی قیمت 1000 روپئے تک پہنچ گئی ہے۔ مودی اور کے سی آر نے بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کا کوئی جائزہ نہیں لیا۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کانگریس کو ووٹ دے کر کامیاب بنایا گیا تو آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کردیا جائے گا۔ تمام ایمپلائیز کو پے اسکیل کے ساتھ سرکاری ایمپلائیز کو دیئے جانے والی تمام سہولتیں اور فائدے دیئے جائیں گے۔ آر ٹی سی ایمپلائیز کے والدین کو اُولڈ ایج پینشن دیا جائے گا اور آروگیہ شری اسکیم کے تحت مفت علاج کیا جائے گا۔ ساتھ ہی آر ٹی سی ایمپلائیز کے تمام جائز مطالبات کو قبول کیا جائے گا۔ کانگریس حکومت میں آر ٹی سی ایمپلائیز کے بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کئے جائیں گے اور ان کی فیملی کو ہیلتھ انشورنس سے فائدہ پہونچایا جائے گا۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ آر ٹی سی کو فنڈز فراہم کرتے ہوئے مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ کانگریس حکومت میں نئی بسیں خریدتے ہوئے کارپوریشن کی تمام مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ اس اجلاس سے تلگو دیشم کے قائد سابق رکن اسمبلی آر کرشنیا کے علاوہ ٹی جے ایم یو کے قائدین نے بھی خطاب کیا۔