ٹی آر ایس کو اقتدار، دلتوں اور اقلیتوں کی مرہون منت

قاضی پیٹ ۔ 10 ۔ فروری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی ، میناریٹی کے طفیل اور ان کے رحم و کرم کی وجہ سے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ کی پارٹی برسر اقتدار پر آئی۔ ان خیالات کا اظہار مندا کرشنا مادیگا نے کیا۔ کے سی آر کا ایس سی ، ایس ٹی میناریٹی طبقات کیساتھ سوتیلا سلوک اور دلت طبقات سے تعلق رکھنے والے سابقہ ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر ٹی راجیا کو کابینہ سے برطرف کئے جانے کے خلاف مادیگا کے صدر مندا کرشنا مادیگا کی صدارت میں صوبیداری کے اکایشا پارک میں MRPF کے کارکنوں نے بڑے پیمانہ پر احتجاجی ریالی منظم کرتے ہوئے کلکٹریٹ کے روبرو احتجاجی دھرنا دیا، اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے مندا کرشنا مادیگا نے کے سی آر پر اس بات کا الزام عائد کیا کہ ایس سی ، ایس ٹی طبقات کے احساسات کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے جبکہ انہی طبقات کے لوگ گزشتہ انتخابات میں ٹی آر ایس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا۔ یہ سوچ کر کہ تلنگانہ کا چیف منسٹر دلت ہوگا، تاہم آج دلت طبقات کیساتھ سوتیلا سلوک کرتے ہوئے ڈاکٹر ٹی راجیا کو کابینہ سے برطرف کردیا گیا جس کی مذمت کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ٹی راجیا کو بلی کے بکرے کی طرح استعمال کرتے ہوئے انہیں کابینہ سے برطرف کیا گیا جبکہ خود ٹی آر ایس پارٹی میں ایسے وزراء ہیں جو کئی اسکام کرنے کے باوجود انہیں کابینہ سے برطرف نہیں کیا جارہا ہے۔ کے چندر شیکھر راؤ کے غیر جانب دارانہ فیصلوں کی آج سخت مخالفلت کرتے ہوئے ورنگل، ہنمکنڈہ اور قاضی پیٹ سے تعلق رکھنے والے ایم آر پی ایف کے کارکن ریالی کی شکل میں سڑکوں پر نکل آئے اور تین گھنٹوں تک احتجاجی دھرنا منعقد کیا ۔ پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے کارکنوں کو گرفتار کئے جانے کے بعد کچھ دیر بعد انہیں رہا کیا گیا ۔