ٹی آر ایس کا فیڈرل فرنٹ، بی جے پی کا ’بی پلان‘

زعفرانی جماعت کی شکست کیلئے ریاستوں پر مبنی اتحاد ضروری : سی پی آئی
نئی دہلی ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے آج کہا کہ فیڈرل فرنٹ (وفاقی محاذ) کیلئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا نظریہ دراصل بی جے پی کا ’بی پلان‘ (ضمنی منصوبہ) ہے اور 2019ء کے عام انتخابات میں اس زعفرانی جماعت کے خلاف مقابلہ کیلئے اپوزیشن کو ریاست پر مبنی اتحاد کرنے کی ضرورت ہے۔ سی پی آئی کی قومی عاملہ کے دو روزہ اجلاس کے بعد سدھاکر ریڈی نے بی جے پی کو شکست دینے تمام سیکولر اور جمہوری قوتوں کو متحد کرنے اپنی پارٹی کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سدھاکر ریڈی نے اخباری نمائندوں ’’ہم وہ پہلی جماعت تھے جس نے بی جے پی کو شکست دینے سیکولر و جمہوری طاقتوں کے ریاست پر مبنی اتحاد کو وقت کا تقاضہ قرار دیا تھا اور اب ہم درست ثابت ہوگئے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ’’تمام اپوزیشن جماعتوں کو چاہئے کہ وہ 2019ء کے لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنی حکمت عملی مرتب کرے۔ فیڈرل فرنٹ (وفاقی محاذ) کیلئے ٹی آر ایس کا نظریہ دراصل بی جے پی کا ’بی پلان‘ (ضمنی منصوبہ) ہے۔ بائیں بازو کی اس جماعت نے ایندھن کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے خلاف 26 جون کو احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’سی پی آئی اپنی تمام یونٹوں کو ہدایت کی ہیکہ مودی حکومت کی بدعنوانیوں اور غلط حکمرانی کو بے نقاب کرنے کیلئے عوام میں شعور بیداری مہم شروع کی جائے۔