ٹی آر ایس میں گروپ بندی ، اختلافات اور بغاوت کا سیلاب

اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا ؟
ٹی آر ایس میں گروپ بندی ، اختلافات اور بغاوت کا سیلاب
ٹکٹ کی تقسیم پر کے سی آر کا فیصلہ غلط شاد نگر میں ٹی آر ایس کے سینئر قائدین کا شدید اظہار برہمی

شاد نگر ۔ 8 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس پارٹی سربراہ و نگران کار چیف منسٹر کے سی آر نے شاد نگر اسمبلی حلقہ سے دوبارہ وائی انجیا یادو کو ٹکٹ دینے کے اعلان پر مقامی سینئیر ٹی آر ایس پارٹی قائدین میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ شاد نگر اسمبلی حلقہ سے ٹی آر ایس پارٹی سے وابستہ سینئیر قائد تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری اندے بابیا اور ویرلہ پلی شنکر پارٹی ٹکٹ کے دعوے داروں میں شامل تھے ۔ شاد نگر حلقہ سے دوبارہ انجیا یادو کے نام کے اعلان کے ساتھ ہی پارٹی میں اندرونی اختلافات اور بغاوت کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ دوبارہ انجیا یادو کے نام کے اعلان پر ٹی آر ایس پارٹی تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری اندے بابیا کے حامیوں اور سینئیر ٹی آر ایس قائد ویرلہ پلی شنکر کے حامیوں میں شدید برہمی پائی جارہی ہے ۔ اپنے حامیوں کی شدید برہمی کو دیکھتے ہوئے ٹکٹ کے دعویدار دونوں قائدین نے ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے حامیوں سے بات چیت کی ۔ ٹکٹ کے دعویدار اندے بابیا اور ویرلہ پلی شنکر نے اپنے اپنے حامیوں کے ساتھ مشترکہ اجلاس اے بی کامپلکس شاد نگر میں منعقدہ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ آئندہ منعقدہ الیکشن میں انجیا یادو کے لیے کوئی بھی حالت میں کام نہیں کریں گے ۔ اگر ہم انجیا یادو کے لیے کام کریں تو ہم کو پتھروں سے ماریں ۔ آئندہ شاد نگر حلقہ میں کار نظر نہیں آئے گی ۔ اور نہ ہی کار کی طرف نظر اٹھا کر بھی نہیں دیکھیں گے ۔ شاد نگر حلقہ کے متعلق ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر کی جانب سے لیے گئے فیصلہ کو غلط قرار دیا ۔ اندے بابیا اور ویرلہ پلی شنکر نے انجیا یادو پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کارکنوں کی ان کے پاس کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ گذشتہ انجیا یادو کے دور میں پارٹی کارکنوں کو کئی ایک مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس کے علاوہ شاد نگر حلقہ میں منعقدہ پروگراموں میں سینئیر قائدین کو نہ اطلاع اور نہ ہی اہمیت دی ۔ انہوں نے سخت الفاظ میں کہا کہ انجیایادو کو ٹکٹ تو مل گیا مگر کامیاب کون کرے گا ۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی بھی صورت میں انجیا یادو کے لیے کام نہیں کرے گے ۔ فی الحال ناراض پارٹی کارکنوں کے دلوں میں آگ بھڑک رہی ہے ۔ سابقہ انتخابات میں انجیا یادو کو پارٹی کارکنوں نے بھاری اکثریت سے کامیابی دلائی تھی ۔ آئندہ منعقد ہونے والے انتخابات میں سبق سیکھا کر رہیں گے ۔ انجیا یادو کے پاس پارٹی کارکنوں کی کوئی عزت نہیں ہے جس کی وجہ سے پارٹی کیڈر سخت ناراض ہے ۔ ٹکٹ کے دعویدار دونوں قائدین نے ٹی آر ایس پارٹی سربراہ کے سی آر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شاد نگر حلقہ کے متعلق لیے گئے فیصلہ پر دوبارہ نظر ثانی کریں ۔ اس موقع پر سابقہ زیڈ پی ٹی سی سوریہ پرکاش ، سری سیلم ، وینکٹ ریڈی ، سرینو ، روی ، کے علاوہ مدیراج سنگم کے صدور اور دیگر موجود تھے ۔۔