ٹی آر ایس قیادت سے خفگی، ناراض کارکن کی خودسوزی

چنور سے سینئر لیڈر این اودیلو کو ٹکٹ نہ دینے پر مایوسی، بالکا سمن کی ریالی کے خلاف برہمی

منچریال۔/12 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس پارٹی صدر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حلقہ اسمبلی چنور کے سابق رکن اسمبلی و گورنمنٹ وہپ مسٹر این اودیلو کو نظرانداز کرتے ہوئے رکن لوک سبھا پداپلی مسٹر بالکا سمن کو حلقہ اسمبلی چنور سے ٹی آر ایس پارٹی امیدوار نامزد کیا ہے۔ مسٹر سمن نے آج حلقہ اسمبلی چنور کے اندارم کے مقام سے ایک زبردست ریالی نکالی۔ اس ریالی میں ہزاروں ٹی آر ایس کارکنوں اور قائدین نے حصہ لیا۔ ریالی اندارم سے چنور کیلئے روانہ ہوئی۔ تاہم تحلیل شدہ اسمبلی چنور کے رکن مسٹر اودیلو کو دوبارہ پارٹی ٹکٹ نہیں دیئے جانے کی وجہ سے پارٹی کے ایک حلقہ میں سخت ناراضگی دیکھی جارہی تھی۔ سخت برہمی کے عالم میں مسٹر اودیلو کے ایک حامی گٹیا نامی شخص نے ریالی میں شامل ہوتے ہوئے کیروسین اپنے آپ پر چھڑک کر آگ لگالی جس کی وجہ سے ان کے قریب موجود دیگر پانچ کارکنوں کو بھی آگ اپنی لپیٹ میں لے لی۔ چھ کارکن آگ کی لپیٹ میں شدید طور پر جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں تشویشناک حالت میں علاج کیلئے حیدرآباد یشودھا ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں پر گٹیا نامی شخص شدید جھلسنے کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکا۔ جبکہ دیگر زخمیوں کو ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا۔ اسی دوران مسٹر ٹی بالکا سمن اپنی ریالی لیکر چنور روانہ ہوئے جہاں پر حبیب فنکشن ہال میں پارٹی کارنکوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریالی میں دراصل انہیں خوف و ہراس اور قتل کرنے کی سازش رچی گئی ہے۔ اس واقعہ پر انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر نے از خود انہیں حلقہ اسمبلی چنور سے پارٹی امیدوار نامزد کیا ہے ۔ وہ آخری سانس تک پارٹی کے استحکام اور ضلع منچریال کی ترقی کیلئے اپنے آپ کو وقف کردیں۔ دوسری جانب خود سوزی کے واقعہ سے حلقہ اسمبلی چنور کے ٹی آر ایس کارکنوں میں سخت خوف و ہراس دیکھا جارہا ہے۔ حلقہ میں دونوں گروپوں کی وجہ سے ٹی آر ایس کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔ حلقہ کے پارٹی کارکنوں کی اکثریت نے سابق رکن ا سمبلی مسٹر این اودیلو کو ٹی آر ایس پارٹی امیدوار نامزد کرنے کا مطالبہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ سیاسی حلقوں میں امکان ظاہرکیا جارہا ہے کہ حلقہ سے کانگریس پارٹی کے متوقع امیدوار مسٹر بی جناردھن جو سابق میں اسی حلقہ سے 5 مرتبہ ٹی ڈی پی ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی ہے کامیاب ہوسکتے ہیں۔ جئے پور پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ ریالی میں بالکا سمن کے ساتھ سابق صدر مارکٹ کمیٹی چنور مسٹر ذوالفقار احمد، مسٹر صادق علی ضلع پریشد کوآپشن ممبر، مادھوریڈی و دیگر پارٹی قائدین اور کارکنوں نے حصہ لیا۔