ٹی آر ایس قائد سنگی ریڈی سرینواس ریڈی کا انتقال

حیدرآباد۔/16اگسٹ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے قائد سابق کارپوریٹر سنگی ریڈی سرینواس ریڈی نے آج خانگی دکن ہاسپٹل میں آخری سانس لی ۔ وہ کافی دن سے علیل تھے۔ صدر تلگو یووتا حیدرآباد سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کرنے والے سنگی ریڈی سرینواس ریڈی تلگودیشم میں کئی عہدوں پر فائز تھے۔ سعیدآباد بلدی ڈیویژن سے کارپوریٹر منتخب ہونے والے سنگی ریڈی کو صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں تلگو دیشم کا فلور لیڈر بھی منتخب کیا تھا۔ جنوری 2015 میںآنجہانی قائد ٹی آر ایس میں شامل ہوئے، ان کی شریک حیات سورنا لتا سعیدآباد بلدی ڈیویژن سے ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر کارپوریٹر منتخب ہوئیں۔ سنگی ریڈی کی نعش کو خانگی ہاسپٹل کے مارچری میں رکھا گیا ہے۔ 17 اگسٹ کو ان کی دختر کی امریکہ سے آمد کے بعد ایرہ کنٹہ شمشان گھاٹ میں ان کی آخری رسومات انجام دی جائیں گی۔ سنگی ریڈی سرینواس ریڈی کے انتقال کی خبر سننے کے بعد ان کے حامیوں کی بڑی تعداد نے صدمہ کا اظہار کیا۔ ریاستی وزراء جگدیش ریڈی، پی مہیندر ریڈی، ٹی سرینواس یادو، سابق رکن راجیہ سبھا این ہری کرشنا کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے ان کی شریک حیات سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت پیش کی۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک لڑکا اور ایک لڑکی شامل ہیں۔