محبوب نگر ۔ 17اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ضلع صدر کی حیثیت سے پی شیوا کمار کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا ۔ ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کی اپیل پر گروپ بندی اور اختلافات کے بغیر انتخاب عمل مکمل ہوا ۔ مسٹر پی شیوا کمار جن کا تعلق جڑچرلہ سے ہے ان کا نام سابق صدر وٹھل راؤ آریہ نے پیش کیا اور ضلع پریشد چیرمین بنڈاری بھاسکر نے ان کی تائید کی ۔ انتخابات کی نگرانی ریاستی وزیر ای راجندر نے کی ۔ رکن پارلیمنٹ اے پی جتیندر ریڈی ‘ ریاستی وزیر بھاری صنعت جوپلی کرشنا راؤ کے علاوہ ضلع کے تقریباً سرکردہ قائدین نے انتخابات میں حصہ لیا ۔ یہاں اس بات کا ذکر بیجا نہ ہوگا کہ سابق صدر وٹھل راؤ آریہ نے گذشتہ پانچ برسوں سے غیر معمولی محنت کرتے ہوئے پارٹی کو استحکام بخشا۔ وہ دوبارہ اس عہدے کے خواہشمند بھی تھے لیکن سیاسی حکمت عملی کے تحت خود وٹھل راؤ آریہ سے ہی نئے صدر کے نام کا اعلان کرایا گیا ۔ نئے صدر شیوا کمار طویل عرصہ سے حکمرانی کرنے والی جماعت کا نگریس سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا ۔ انہوں نے جڑچرلہ زیڈ پی ٹی سی کے علاوہ ضلع کانگریس کے کئی ایک عہدوں کیلئے اپنی خدمات انجام دیں ۔ 2004 اور 2009ء کے اسمبلی انتخابات میں کانگریس ٹکٹ کیلئے کوشاں رہے لیکن کامیاب نہ ہوسکے ۔ 2012ء میں جوپلی کرشنا راؤ جب کانگریس چھوڑ کر ٹی آر ایس میں شامل ہوئے تو یہ بھی ان کے ہمراہ ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے ۔ ای راجندر نے نئے صدر کومبارکباد دی اور کہا کہ پارٹی کارکنوں کے تعاون سے ضلع میں ٹی آر ایس کو ایک طاقتور جماعت کی حیثیت سے ابھاریں۔ اس موقع پر شیوا کمار نے ان کو ضلع صدر کی حیثیت سے موقع دینے پر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور پارٹی کے استحکام کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنے کا عہد کا اظہار کیا ۔