نرسا پور ۔ 11 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ٹی آر ایس حکومت اپنے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنائیگی اور کسی بھی وعدے کی عدم تکمیل کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ۔ ٹی آر ایس حکومت بہر قیمت اپنے وعدوں کی تکمیل کریگی ٹی آر ایس نے اپنے 100دن کے اقتدار میں 80 سے زائد فیصلے کئے ریاستی کابینہ نے ایک ہی وقت میں 43 تاریخ ساز فیصلے کئے جس میں مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقلیتی بجٹ ایک ہزار کروڑ روپئے مختص کرنے، مسلمانوں اور درج فہرست قبائلیوں کو 12 فیصد تحفظات کی فراہمی ، کسانوں کے زرعی قرضہ جات کی معافی ، کسانوں کو ان پٹ سبسیڈی رقم کی اجرائی ، مسلم ، ایس سی اور ایس ٹی طبقات کی غریب لڑکیوں کی شادیوں کیلئے ’’ کلیانہ لکشمی ‘‘ اسکیم کے تحت 51 ہزار فی کس مالی امداد ، وظیفہ پیرانہ سالی و بیوہ گان کو 200 روپئے سے بڑھاکر ایک ہزار روپئے کرنے اور وظیفہ جسمانی معذورین کو 1500 روپئے ماہانہ مقرر کرنے اور دیگر عوامی فلاح و بہبود کے فیصلے شامل ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے کل شام نرساپور میں منعقدہ انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تین سالوں میں ریاست تلنگانہ میں 24 گھنٹے برقی سربراہی کی جائیگی اور ایک سکنڈ کی بھی برقی کٹوتی نہیں کی جائیگی ۔ تلنگانہ میں برقی پیداوار کو بڑھانے تلنگانہ حکومت سرگرمی کے ساتھ اقدامات کررہی ہے ۔ جس کے مکمل نتائج تین سال بعد عوام کے سامنے ہونگے ۔ ریاست تلنگانہ سے پینے کے پانی کی قلت کو ختم کرنے اور ریاست کے ہر شہری کو صاف و محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کی غرض سے ریاست کے مختلف آبی پراجکٹس ، دریاؤں اور ذخائر آب کو ایک دوسرے سے مربوط کرتے ہوئے ڈرکنگ واٹر گرڈ قائم کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ترقی میں حصہ دار بنانا چاہتی ہے ۔
چنانچہ موضع اور وارڈ سطح پر منصوبہ بندی کی گئی جس میں عوام کو ان کی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق تجاویزپیش کرنے کہا گیا اس پروگرام کا بہترین ردعمل حاصل ہوا اور حاصل شدہ رپورٹس کا تجزیہ کرتے ہوئے حکومت ترقیاتی اسکیمات کی منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندرا شیکھرراؤ نے کانگریس پارٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صدر پریش کانگریس کمیٹی پونالہ لکشمیا عقل سے عاری بیانات دے رہے ہیں کانگریس نے کبھی بھی عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق کوئی کام نہیں کیا چنانچہ انہیں ٹی آر ایس کی اسکیمات پر لب کشائی کا کوئی حق حاصل نہیں ہے ۔ کانگریس پارٹی قائدین کو صرف کرپشن اور لوٹ کھسوٹ معلوم ہے ۔ کانگریس دور میں غریبوں کیلئے امکنہ اسکیم میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں کی گئیں جس کی ہم سی آئی ڈی سے تحقیقات کروارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت 3 لاکھ 30 ہزار روپئے مالیت سے 125 گزاراضی پر 2 بیڈروم ، ہال اور کچن پر مشتمل ایک گھر تعمیر کرتے ہوئے غریب عوام کو دینگے ۔ ہر منڈل مستقر پر اس طرح کی کالونیاں تعمیر کی جائیں گی ۔ آٹورکشہ اور ٹریکرس ، ٹرالی کا روڈ ٹیکس بھی معاف کردیا گیا ۔ انہوں نے حالیہ منعقدہ جامع گھریلو سروے میں عوامی شرکت کی ستائش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسی جوش و خروش کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 ستمبر کو منعقد شدنی حلقہ پارلیمانی میدک کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کو ووٹ دیں اور ٹی آر ایس امیدوار کو ان سے بھی زیادہ ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب کریں ۔ اس موقع پر ہریش راؤ ، پوچارم سرینواس ریڈی ، مہندر ریڈی ، ریاستی وزراء ، محمود علی نائب وزیراعلی ، محمد فریدالدین سابق وزیر ، آر ستیہ نارائنا سابق ایم ایل سی ، چنتا پربھاکر ، مدن ریڈی ، بابو موہن ، رام لنگا ریڈی ، مہیپال ریڈی اراکین اسمبلی اور دیگر قائدین موجود تھے ۔