ٹی آر ایس حکومت کی کار کردگی مایوس کن

رکن اسمبلی جگتیال جیون ریڈی کا الزام
جگتیال /5 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے حکومت کی جانب سے دی جانے والی اسکیمات ان تک پہنچے تب ہی غریبوں کی حقیقی عید ہوگی۔ حکومت کی جانب سے تعلیم اور طبی خدمات حاصل کرنا عوام کا دستوری حق ہے۔ مدارس میں تعداد کی کمی پر مدارس بند کرنے کی تجویز اور 108 ایمبولنس کو چھ ماہ سے ایندھن کی عدم سربراہی اور عملہ کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ریاستی حکومت کو رکن اسمبلی جگتیال و ڈپٹی فلور لیڈر ٹی جیون ریڈی نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ آج شام اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار سنبھال کر چار ماہ کا عرصہ ہو رہا ہے، لیکن کسی اسکیم پر عمل آوری نہیں ہوئی۔ انتخابات میں کئے گئے وعدوں کے مطابق نہ ہی برقی سربراہی، کسانوں کے قرض معافی اور ہاؤزنگ اسکیم صرف اعلانات تک محدود ہیں، جب کہ عوام دسہرہ تہوار کے موقع پر حکومت سے آس لگائے بیٹھے تھے، لیکن کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ ریاست میں کوئی حکومت کام نہیں کر رہی ہے؟۔ انھوں نے کہا کہ سڑک حادثات کے متاثرین اور مواضعات کے غریب عوام کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے وائی ایس آر کی قیادت میں ایمبولنس سروس 108 شروع کی گئی تھی، تاہم ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے ڈیزل فراہم نہ کرنا اور چھ ماہ سے عملہ کو تنخواہ ادا نہ کرنا حیرت کی بات ہے۔ حکومت نے گزشتہ چار ماہ سے اس اسکیم پر ایک روپیہ بھی نہیں خرچ کیا۔ اگر حکومت 108 اسکیم کو جی وی کے تحت چلانا پسند نہیں کرتی تو جی وی کو حکومت اپنی نگرانی میں لے لے۔ انھوں نے حکومت کی کار کردگی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کے تحت مدارس میں مرمتی کام اور باورچی خانہ کی تعمیر کے لئے تقریباً ایک سال قبل ہی ضلع کریم نگر کو پانچ کروڑ روپئے فنڈس منظور کرتے ہوئے اسکول ہیڈ ماسٹر کے اکاؤنٹس میں جمع کردیئے گئے ہیں، لیکن محکمہ تعلیم اور پنچایت راج کے درمیان رابطہ کا فقدان اور عہدہ داروں کی لاپرواہی سے یہ فنڈ استعمال نہیں کیا جاتا۔ انھوں نے ریاست میں تین سال قبل غیر موسمی اور تیز ہواؤں سے ہوئے فصلوں کے نقصانات سے متاثرہ کسانوں کو فنڈس کی منظوری کے باوجود بوگس ناموں کا بہانہ بناکر فنڈ کی تقسیم کو روکنے پر تنقید کی اور کہا کہ اس کی رپورٹ تیار کرنے والے کون تھے؟ آج کس کے ذریعہ اس کی تحقیقات کروائی جا رہی ہیں؟۔ یہ معاملہ چور، چور کو پکڑنے کے مترادف ہے، جب کہ رپورٹ بنانے والے ایگریکلچر اور محکمہ ریونیو کے افسران تھے۔ انھوں نے ہاؤزنگ بل کی عدم ادائیگی پر بھی تنقید کی اور ہازنگ محکمہ پر بھروسہ نہ ہو تو ریونیو سے تحقیقات کرواتے ہوئے بوگس یا مکان کی تعمیر کے بغیر بل حاصل کرنے والے یا بل دینے والے عہدہ داروں کے خلاف 420 کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر مسٹر جیون ریڈی نے مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ پریس کانفرنس میں دامودھر راؤ سابق مارکٹ کمیٹی چیرمین، بنڈا شنکر کانگریس ڈسٹرکٹ وائس پریسیڈنٹ، محمد اظہر الدین اور دیگر بھی موجود تھے۔