شاد نگر میں سابق رکن اسمبلی ڈاکٹر ملو روی کی پریس کانفرنس
شاد نگر /31 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس کے سابق ایم ایل اے جڑچرلہ ڈاکٹر ملو روی نے شاد نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کانگریس شریمتی سونیا گاندھی کے علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے فیصلہ کو جرأت مندانہ اقدام قرار دیا۔ انھوں نے ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس 5 ایم ایل سی امیدواروں کی کامیابی کے دعوے کر رہی ہے، جب کہ ناکامی پر اسمبلی کو تحلیل کردینے چیف منسٹر کے سی آر نے اعلان کیا ہے، لہذا اسمبلی تحلیل کرنے سے پہلے انھیں مستعفی ہوجانا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ کے سی آر کی ایک سالہ حکومت کے بلند بانگ دعوے صرف وعدوں پر ٹکی ہوئی ہے۔ انھوں نے تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار اور سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے، کسانوں کا قرض معاف کرنے، بے گھر غریب افراد کے لئے مکانات تعمیر کرنے اور مسلم اقلیت کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کے بلند بانگ دعوے کرکے عوام کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا ٹی آر ایس پر الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کسان ان دنوں کئی مسائل سے دو چار ہیں اور سابقہ قرض کی عدم معافی کی وجہ سے بینک قرض کے حصول میں کسانوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ڈاکٹر ملو روی نے کہا کہ 2 جون کو کانگریس نے تلنگانہ فارمیشن ڈے کے طورپر منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس موقع پر منڈل، دیہی، ضلع اور ریاستی سطح پر کانگریس پارٹی جھنڈا پروگرام منعقد کرکے صدر کانگریس سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے اظہار تشکر کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اس موقع پر مختلف پروگرامس ترتیب دیئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے مسلم اقلیتوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب تک اس کا دور دور تک پتہ نہیں ہے۔ اس موقع پر شاد نگر بلدیہ کے چیرمین اگنور وشوم، محمد علی خان بابر، کونسلر نرسملو، پرشوتم ریڈی، بالراج گوڑ، ستیہ اور دیگر مقامی کانگریس قائدین بھی موجود تھے۔