ٹی آر ایس حکومت میںخواتین نظرانداز

کابینہ میں خواتین کی عدم شمولیت پر صدر مہیلا کانگریس شاردا کی تنقید
کریم نگر۔/7جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ کی کابینہ میں ٹی آر ایس حکومت نے ایک بھی خاتون کو وزیر کا درجہ نہیں دیا ہے جبکہ کے سی آر کو ریاست میں کافی تعداد میں خواتین کے ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ یہ تلنگانہ میں خواتین کی ایک طرح سے بے عزتی ہے۔صدر ضلع کانگریس کمیٹی شعبہ خواتین نیرلا شاردا نے انہیں یہاں ڈی سی سی دفتر میں تہنیت پیش کئے جانے کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس تقریب کی صدارت صدر ضلع کے مرتنجیم نے کی۔ اس تقریب میں رکن اسمبلی جیون ریڈی، سابق وزیر ڈی سریدھر بابو اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیرلا شاردا نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سونیا گاندھی کی مرہون منت ہے اور اگر سونیا گاندھی تلنگانہ کی تشکیل عمل میں نہیں لاتیں تب کے سی آر ریاست کے وزیر اعلیٰ بن پاتے؟ ۔ انہوں نے خواتین کو کابینہ میں نمائندگی دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بصورت دیگر احتجاج کا انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے عوام مخالف فیصلوں کے خلاف بھی احتجاج کیا جائے گا۔ رکن اسمبلی جگتیال نے کہا کہ ٹی آر ایس کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں کو سرگرم ہوجانے کا مشورہ دیا۔ سابق وزیر سریدھر بابو نے خواتین کو کابینہ میں نمائندگی کیلئے سرگرم جدوجہد کو ضروری قرار دیا۔ ڈی سی سی صدر مرترتنجیم نے کہا کہ عوام کو مخالف عوام فیصلوں کے خلاف کمر کس لینی چاہیئے۔ اس پروگرام میں سابق رکن اسمبلی آرے پلی، کومٹ ریڈی، نریندر ریڈی، الگی ریڈی، سوامی ناتھ، نارائنا، شوبھا رانی و دیگر موجود تھے۔