سنگاریڈی میں کانگریس امیدوار جگاریڈی کا پرچہ نامزدگی کا ادخال و پریس کانفرنس
سنگاریڈی /16 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جگاریڈی سابق رکن اسمبلی و کانگریس امیدوار حلقہ اسمبلی سنگاریڈی نے آج 2.30 بجے تحصیل آفس سنگاریڈی اپنی اہلیہ نرملا جگاریڈی صدر ضلع مہیلا کانگریس اور دختر جیہ ریڈی کے ہمراہ پہونچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں کانگریس پارٹی کی جانب سے دوبارہ پارٹی ٹکٹ دینے پر صدر کل ہند کانگریس راہول گاندھی ، سونیا گاندھی اور اتم کمار ریڈی صدر ٹی پی سی سی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے ان کی کامیابی یقینی ہے چونکہ عوام ٹی آر ایس کی عوام دشمن پارلیسیوں سے بیزار ہوچکے ہیں ۔ عوام کے مسائل کا انبار لگ لگا ہے ۔ عوام خود چاہتے ہیں کہ کانگریس پارٹی اقتدار میں آئے ریاست تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کو تقریباً 100 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی کے سی آر اقتدارمیں آنے کے بعد عوام سے کئے گئے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں یکسر ناکام ہوچکے ہیں ۔ عوام نے انہیں 5 سال کیلئے اقتدار سونپا تھا ۔ لیکن وہ صرف 4 سال میں دوبارہ انتخابات کیلئے تیار ہوگئے ۔ کانگریس پارٹی عوام کے درمیان جاکر ٹی آر ایس کی ناکامیوں کو اجاگر کرتے ہوئے عوامی شعور بیدار کرتے ہوئے کانگریس کے انتخابی منشور سے عوام کو واقف کروائیں گے ۔ کانگریس پارٹی اقتدار میں آنے پر کسانوں کو 2 لاکھ روپئے کے قرضہ جات کی معافی ، بلاسودی قبضہ جات کی اجرائی ، رہائشی پلاٹ ہوتو 5 لاکھ روپئے مکان کی تعمیر کیلئے دئے جائیں گے اور اگر مکان ہوتو 2 لاکھ روپئے کمروں کی تعمیر کیلئے دئیں جائیں گے ۔ ریاست تلنگانہ میں کانگریس اقتدار میں آنے پر بیروزگاری دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں غریب عوام کو 40 ہزار پلاٹس کی تقسیم عمل میں لانے کے اقدامات کئے جانے کا تیقن دیا ۔ جگاریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے بے تحاشہ قرض حاصل کرتے ہوئے آبپاشی پراجکٹ و مشن بھگیرتا اسکیمات کے نام پرکروڑہا روپئے خرچ کئے ۔ کے سی آر نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ عوام کو گھر گھر پینے کا پانی سربراہ اور اس وقت تک ووٹ نہیں مانگوں گا کہا تھا ۔ لیکن اس کے برعکس اپنا پرچہ نامزدگی داخل کئے ۔ کے سی آر نے مسلم طبقہ کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے اس پر عمل نہیں کیا ۔ آج بے روزگاری میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور ایس ٹی طبقہ کو بھی تحفظات کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل میں بھی ناکام ہوچکے ہیں ۔ جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا عظیم اتحاد ( مہاکوٹمی ) کا برسر اقتدار آنا یقینی ہے ۔ اس موقع پر ٹیک اننت کشن ، انجینیلو ، کے سنتوش ، حافظ شیخ شفیع اور دیگر موجود تھے ۔