مکتھل 6 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعیۃ علماء ضلع محبوب نگر ریاست میں نئی حکومت کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل شدہ ریاست تلنگاہن میں ٹی آر ایس کی نئی حکومت سے عوام بالخصوص مسلمانوں اور اقلیتوں کو اپنی ہمہ جہتی ترقی و حقوق کے تحفظ کے سلسلہ میں بھر پور امید و توقع ہے کہ حکومت مثبت اقدامات کو روبہ عمل لاتے ہوئے ریاست کے اقلیتوں کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنائے گی۔ صدر ضلع جمعیۃ علماء محبوب نگر مولانا خالد امام قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ نئی حکومت کے ابتدائی اقدامات ہمارے لئے یقیناً خوش آئند اور لائق تحسین ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور ہمیں بھر پور امید ہے کہ حکومت اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے تمام وعدوں کو آہستہ آہستہ عملی جامہ پہناتے ہوئے اپنے انقلابی اقدام کے ذریعہ نہ صرف ریاست میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گی بلکہ پچھلی حکومتوں کیلئے مشعل راہ ثابت ہوگی، جمعیۃ علماء ضلع محبوب نگر کے سربراہ نے ریاست کے وزیر اعلی کو اپنا مبارکبادی کا پیام روانہ کرتے ہوئے جناب محمود علی کو ڈپٹی چیف منسٹر بنانے اور محکمہ مال (ریونیو) جیسا اہم قلمدان تفویض کئے جانے پر ان کے جراتمندانہ حوصلہ کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ سیاست میں پچھلے ایک صدی پر محیط کسی مسلمان کو برائے نام اوقاف یا اقلیتی امور کے وزیر بنانے کی رسمی روایت کو توڑتے ہوئے کانگریس و دیگر جماعتوں کی حکومتوں کو نہ صرف اپنا ایک واضح پیام دیا ہے ۔ جمعیۃ علماء ضلع محبوب نگر نے ریاست کے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ وہ ریاست میں مسلمانوں کی ہمہ جہتی ترقی و استحکام کے ساتھ ساتھ تعلیمی، سیاسی ،معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے تحفظات کی راہ ہموار کرتے ہوئے مسلمانوں کی پسماندگی کے خاتمہ کے لئے ریاست کے اقلیت دوست وزیر اعلی کے ہمراہ ٹھوس و جامع اقدامات کو روبہ عمل لائیں گے ۔ جمعیۃ علماء ضلع محبوب نگر نے اپنے بیان میں تلنگانہ ریاست کے نئے ’’لوگو‘‘ کے ماڈل اور اس کی منظوری کا بھی زبردست خیر مقدم کیا ۔