کلواکرتی۔یکم اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سابق ایم پی ناگرکرنول نے آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سنہرے تلنگانہ کا قیام صرف اور صرف تلنگانہ چیف منسٹر چندر شیکھر راو ہی سے ممکن ہے جنہوں نے تلنگانہ کے قیام کیلئے اپنی جان کی بازی لگائی تھی جس کا عوام نے انہیں بہترین بدلہ دیا ہے اور انہیں تلنگانہ کا معمار بنایا ہے۔ انہوں نے عوام سے کئے گئے وعدوں میں سے پچاس فیصد کاموں کی تکمیل کی ہے جو ایک ریکارڈ ہے، کیونکہ آج تک اتنی قلیل مدت میں کسی بھی چیف منسٹر نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اکٹوبر سے تمام اسکیمات کو روبہ عمل لاتے ہوئے عوام کی تیز تر ترقی میں اہم رول ادا کریں گے جبکہ چیف منسٹر نے کسانوں کے کروڑوں روپئے قرضوں کو معاف کرتے ہوئے ایک سچے اور ہمدرد ہونے کی مثال دی ہے جس کے سبب ہزاروں کسان آج مسکرارہے ہیں، لیکن بعض لوگوں کو ان کی ترقی دیکھی نہیں جارہی ہے جس کے لئے وہ بے بنیاد باتیں کررہے ہیں
کیونکہ ان لوگوں نے دس سال تک حکومت میں رہتے ہوئے کچھ بھی نہیں کیا اور جو شخص محض تین ماہ کی قلیل مدت میں کئی ایک تاریخی کارنامے انجام دیئے ہیں جو بعض لوگوں کو ہضم نہیں ہورہا ہے اس لئے عوام میں کئی ایک غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان لوگوں کے بہکاوے میں نہ آئیں اور جس طرح ہم سب نے مل کر تلنگانہ کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے اسی طرح سنہرے تلنگانہ کے قیام میں بھی ایک ساتھ آگے بڑھیں اور سنہرے تلنگانہ کے قیام تک مسلسل جدوجہد کرتے رہیں۔قبل ازیں ایم پی نے کلواکرتی آمد کے ساتھ ہی مندر پہنچ کر وہاں پر درشن کئے جہاں پر مندر کمیٹی کی جانب سے ان کی شال پوشی کی گئی ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کلواکرتی ٹی آر ایس انچارج سابق ایم ایل اے جئے پال یادو، گولی سرینواس ریڈی، بھوپت ریڈی، منوہر ریڈی، وجئے گوڑ و دیگر موجود تھے۔