ٹی آر ایس حکومت بے سمت اندرسین ریڈی کا الزام

حیدرآباد 29 ستمبر ( این ایس ایس ) ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سینئر بی جے پی لیڈر این اندرسین ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بے سمت کام کر رہے ہیں جبکہ انہوں نے سنہرے تلنگانہ کا وعدہ کیا تھا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اندر سین ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے حکمرانی عوام کی دہلیز تک پہونچانے کا وعدہ کیا تھا جب انہوں نے ریاست میں نئے اضلاع تشکیل دئے تھے ۔ تاہم چیف منسٹر نے ابھی تک نئے اضلاع میں سرکاری دفاتر کی تعمیر کیلئے اراضیات تک حاصل نہیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں انتظامیہ پوری طرح منتشر ہے کیونکہ ایک عہدیدار دو تا تین اضلاع کیلئے انچارچ کے طور پر کام کر رہا ہے ۔ 21 اضلاع میں پرنسپل ججس تک نہیں ہیں اور عہدیداروں یا اساتذہ کے تبادلوں کی بھی کوئی پالیسی نہیں ہے ۔